فٹبال ورلڈ کپ،عالمی نمبرون ٹیم سپین کیلئے خطرے کی گھنٹیاں،تفصیلات رپورٹ میں

بارسلونا(سپورٹس لنک رپورٹ)سابق عالمی چیمپئن، عالمی نمبر ایک اور دنیائے فٹ بال کے پاور ہائوس اسپین پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔

فیفا نے فٹبال فیڈریشن معاملات میں حکومتی مداخلت پر اسپین کی رواں برس روس میں شیڈول ورلڈکپ میں شرکت پر پابندی تک کا انتباہ کردیا ہے۔

عالمی گورننگ باڈی نے دسمبر میں ہسپانوی فیڈریشن سے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ حکومتی مداخلت کے معاملے پر وضاحت دے۔

فریقین میں گذشتہ روز اس ضمن میں مذاکرات ہوئے جس میں فیفا کی جنرل سیکریٹری فاطمہ سمورا اور اسپینش وزیر کھیل و دیگر حکام شریک ہوئےاور اس دوران مسئلے کے جلد از جلد حل پر اتفاق کیا گیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس جولائی میں اسپین فٹبال فیڈریشن کے 1988 سے چلے آرہے صدر اینجل ماریا ولار کو مستعفی ہونے پر مجبور کیا گیا تھا۔

بعدازاں انہیں بدعنوانی اور غبن کے الزامات کے تحت گرفتار بھی کیا گیا، تاہم دو ہفتے قید میں گذارنے کے بعد ان کی ضمانت منظور ہوئی۔

ملکی اسپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ولار کے جانشین کے لیے انتخاب کے اعلان پر فیفا نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے اسے سیاسی مداخلت قرار دیا تھا۔

error: Content is protected !!