جنوبی افریقہ کا پنک جرسی میں جیت کا ریکارڈ برقرار،بھارت کیخلاف سیریز میں واپسی

کرکٹ

جوہانسبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقہ نے انڈیا کے خلاف جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے اپنے ‘پنک ڈے میچ’ میں جیت حاصل کرکے گلابی جرسی میں نہ صرف ناقابل شکست ہونے کا ریکارڈ برقرار رکھا بلکہ اس سیریز کو نئی زندگی عطا کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے سات میچز گلابی جرسی میں کھیلے اور ساتوں میں کامیابی حاصل کی۔

خیال رہے کہ ’پنک ون ڈے‘ انٹرنیشنل جنوبی افریقہ کے کرکٹ کیلنڈر میں مخصوص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ کھلاڑی، سٹیک ہولڈرز اور مداح بریسٹ کینسر کے لیے فنڈ اکٹھا کرتے ہیں۔

اس میچ میں اکٹھا ہونے والے فنڈ سے جوہانسبرگ کے شارلٹ میکزیکے ہسپتال کے بریسٹ کيئر سینٹر کی امداد کی جائے گی۔

سنیچر کو وانڈررز میں کھیلے جانے والے سیریز کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے ڈک ورتھ لوئس طریقے کے تحت پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 289 رنز بنائے جس میں اپنا 100 واں میچ کھیلنے والے انڈین اوپنر شیکھر دھون نے سنچری سکور کی جبکہ کپتان وراٹ کوہلی نے 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

کرکٹ

میچ بارش اور آسمانی بجلی کے سبب کئی بار رکا اور آخری بار جنوبی افریقہ کو 28 اوورز میں 202 رنز بنانے کا ہدف ملا۔

اس سے قبل انڈیا چھ میچوں کی اس سیریز میں تین میچ جیت کر اپنی پوزیشن مستحکم کر چکا ہے اور جنوبی افریقہ کے لیے سیریز بچانے کا یہ آخری موقع تھا۔

ہاشم آملہ، کپتان مارکرم اور اے بی ڈی ویلیئرز کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم اور شائقین نے امید چھوڑ دی تھی لیکن بارش سے متاثرہ میچ میں ابھی بہت سا ڈراما باقی تھا۔

پہلے سریش اییر نے ڈیوڈ ملر کا کیچ چھوڑا اور پھر وہ ایک نو بال پر بولڈ ہو گئے۔ ان دو مواقعوں کے بعد انھوں نے فری ہٹ پر چھکا لگا کر اپنے اعتماد کو مزید بحال کیا اور 28 گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔

کرکٹ

دوسری جانب ہنرک کلاسین نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 27 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ پھیلکوایو نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے پانچ گیندوں میں 23 رنز بنا کر میچ جنوبی افریقہ کی جھولی میں ڈال دیا۔

انڈیا کی جانب سے اب تک جنوبی افریقہ کو پریشان کرنے والے سپنرز اس میچ میں ملر، کلاسین اور پھیلکوایو کے نشانے پر تھے۔ انھوں نے ساڑھے گیارہ اوورز میں 119 رنز دیے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔

error: Content is protected !!