شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ): پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے تاہم بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں آج کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر شعیب ملک الیون کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
دونوں ٹیمیں اب تک ایونٹ میں مدمقابل نہیں آئیں اور شارجہ میں پہلے ٹاکرے میں جیت کے لئے دونوں کپتان پرامید ہیں۔
ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کے پاس بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تمام ہی شعبوں کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں، بیٹنگ میں کمار سنگاکارا، احمد شہزاد،کیرون پولارڈ اور صہیب مقصود جیسے پاورفل ہٹر کے ساتھ بولنگ میں عمران طاہر، جنید خان، محمد عرفان اور سہیل تنویر جیسے قابل بھروسہ بولروں کی خدمات حاصل ہیں۔
اسی طرح کراچی کنگز نے اب تک ایونٹ میں شاندار کھیل پیش کیا اور کوئی میچ نہیں ہاری، عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز کی ٹیم جوئے ڈینلے، خرم منظور، بابراعظم، کولن انگرام، روی بوپارا، محمد رضوان، محمد عرفان جونیئر، محمد عامر، عثمان شنواری اور ٹائمل ملز پر مشتمل ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ ملتان سلطانز نے 4 پوائنٹس حاصل کر کے تیسرے نمبر پر ہے۔