کاکول ٹریننگ کیمپ ؛ آرمی ٹرینرز کی زیر نگرانی پاکستانی کرکٹرز کی ٹریننگ جاری

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سمیت کئی اہم سیریز کی تیاریوں کے لیے قومی کرکٹرز کا کاکول اکیڈمی کے فٹنس کیمپ جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سمیت آنے والی سیریز کی تیاریوں کے لیے پاک فوج کے تعاون سے کاکول اکیڈمی میں فٹنس کیمپ کا انعقاد کیا ہے جو 8 اپریل تک جاری رہے گا۔

ٹریننگ کے دوسرے روز پاکستانی کرکٹرز کی فٹنس کا جائزہ لینے کی دوڑ لگوائی گئی، اس ٹیسٹ کے دوران عرفان اللہ خان نیازی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو کلومیٹر کی دوڑ 6 منٹ اور 47 سیکنڈز میں مکمل کی

اور سرفہرست رہے جبکہ اعظم خان محض ڈیڑھ کلومیٹر ہی دوڑ سکے، اس ریس کا ٹائم فریم 20 منٹ رکھا گیا تھا۔

دیگر قابل ذکر پرفارمنس میں محمد رضوان نے 8 منٹ 26 سیکنڈز، محمد حارث، نسیم شاہ، حسیب اللہ اور محمد وسیم جونیئر نے 8 منٹ 27 سیکنڈز میں رن مکمل کیا۔

اسی طرح مہران ممتاز نے 8 منٹ 30 سیکنڈز، شاہین شاہ آفریدی نے 8 منٹ 37 سیکنڈز، آغا سلمان نے 9 منٹ 20 سیکنڈز، محمد عامر نے 9 منٹ 30 سیکنڈ، شاداب خان نے 9 منٹ 56 سیکنڈ اور محمد نواز نے 9 منٹ اور 57 سیکنڈ میں ریس مکمل کی۔

آل راؤنڈر عماد وسیم گھٹنے کی ممکنہ انجری میں مبتلا ہونے کے خدشات کے باعث شرکت نہیں ہوسکے، اسی طرح فخر زمان اور حارث رؤف نے ٹیسٹ سے گریز کیا کیونکہ دونوں کرکٹر بھی انجریز کا شکار ہیں۔ کاکول اکیڈمی میں کیمپ کے پہلے روز 25 کرکٹرز شریک ہوئے۔

پاکستان ٹیم کو رواں سال نیوزی لینڈ، آئرلینڈ اور انگلینڈ سے سیریز کے بعد امریکااور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ میں بھی شرکت کرنا ہے، بعد ازاں دورہ آسٹریلیا سمیت کئی بڑے ایونٹس شیڈول ہیں،ان سخت چیلنجز کی تیاری کیلیے کرکٹرز کو سپر فٹ بنانے کی مہم شروع کردی گئی۔

ٹریننگ کیمپ کا کاکول ملٹری اکیڈمی ایبٹ آباد میں گذشتہ روز آغاز ہوگیا، مجموعی طور پر 29کرکٹرز کا انتخاب کیا گیا ہے، عمرے کی ادائیگی کے بعد عازم سفر بابر اعظم،

نسیم شاہ اور افتخار احمد پہلے روز ٹریننگ کیلیے موجود نہیں تھے، بدھ کو دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کرلیں گے، فاسٹ بولر محمد عامر بھی گذشتہ رات پہنچ گئے تھے۔

پی سی بی میڈیکل کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کے ساتھ فزیو کلف ڈیکن بھی ٹریننگ کی نگرانی کررہے ہیں، پاک فوج کے ٹرینرز فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے مشقیں کروا رہے ہیں، فٹنس کیمپ 8اپریل تک جاری رہے گا جس کے بعد عید کی تعطیلات ہوں گی۔

ٹریننگ کا سلسلہ مکمل ہونے کے بعد کیویز سے ہوم سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا،بیشتر ان کھلاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی جنھیں ورلڈکپ پلان کا حصہ سمجھا جا رہا ہے،

نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی، پہلا ٹی 20میچ 18 اپریل کو پنڈی میں کھیلاجائے گا، وہاں مزید 2میچز کے بعد آخری دونوں مقابلے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

error: Content is protected !!