دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کہتے ہیں کہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ پی ایس ایل 3 کے فائنل سمیت آخری تین میچز پاکستان میں منعقد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ آخری چار ٹیموں میں سے ایک ہے۔ اپنی ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے سے متعلق سوال پرعلی نقوی نے کہا کہ سوائے ایک کھلاڑی کے ان کی ٹیم کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان جانے کیلئے تیار ہیں۔جب علی نقوی سے اسلام آباد یونائیٹیڈ کے پاکستان نہ جانے والے کھلاڑی کا نام پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ابھی اس کھلاڑی کا نام لینا اس لیے مناسب نہیں کہ عین ممکن ہے کہ وہ کھلاڑی بھی پاکستان جانے پر آمادگی کا اظہار کر دے۔ٹیم کی کارکردگی کے سوال پر علی نقوی نے کہا کہ ابتدائی میچوں میں آغاز برا تھا البتہ اب حالات کنڑول میں ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کا مؤقف ہے کہ پی ایس ایل کے میچز مستقبل میں پاکستان میں ہوں ایسا ہم سب چاہتے ہیں کیوں کہ یہ سب پاکستان کرکٹ کے لیے فائدے کا سودا ہوگا، اسٹیڈیم آباد ہوں گے اور مالکان کا اضافی بوجھ بھی کم ہوگا۔