اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین نے کہا ہے کہ قومی کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے سنٹرل کنٹریکٹ میں کیٹیگری اے کو ایک سال کیلئے ختم کر دیا گیا ہے ۔ مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پرکیٹیگری اے دوبارہ بحال کی جائے گی۔ ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے رواں سال مختلف ڈومیسٹک ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کی ورلڈ کپ کے فائنل میں مسلسل شکست کی وجہ سے بلائنڈ کرکٹ کونسل نے قومی کھلاڑیوں کے سالانہ معاوضے کی کیٹیگری اے کو ختم کر دیا گیا ہے اور کھلاڑیوں کو کیٹیگری بی اور سی میں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے کیٹیگری اے پر ایک سال کی پابندی لگائی ہے ۔ مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں شاندار کارکردگی کی بدولت قومی کھلاڑیوں کی کیٹیگری اے بحال کی جائے گی اور اس میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا جو بین الاقوامی مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ پی بی سی سی نے رواں سال مختلف ڈومیسٹک ایونٹس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ 14 سے 18 اپریل تک اسلام آباد میں پی اے ایف بلائنڈ کرکٹ کپ کا انعقاد کیا جائے گا ،اس کے بعد گوجرانوالہ گولڈ کپ 2 سے 7 اپریل، انٹر سکول اپریل کے تیسرے ہفتے جبکہ ٹوٹل بلائنڈ ٹرافی کراچی میں کھیلی جائے گی،ان ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی کیمپ کیلئے مدعو کیا جائے گا۔