لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کا 325رکنی دستہ چوتھی بین الصوبائی گیمز میں شرکت کیلئے جمعہ کے روزپشاور روانہ ہوگیا، ڈائریکٹر سپورٹس جاوید رشید چوہان نے پنجاب سٹیڈیم سے دستے کو روانہ کیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ، ڈی ایس او ساہیوال اکبر مراد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انیس الرحمٰن بھی موجود تھے، ڈائریکٹر سپورٹس جاوید رشید چوہان نے دستے کی روانگی کے موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تمام کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کریں اور پنجاب کے اعزاز کا دفاع کریں، ہر کھلاڑی جیت کے جذبے اور لگن کے ساتھ میدان میں اترے اور زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر کھلاڑیوں کو تربیت کیمپ میں بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں اور ماہر کوچز نے کھلاڑیوں کو بھرپور تیاری کرائی ہے، اب کھلاڑیوںکا فرض ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو منوائیں
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ پاکستان بھر کے کھلاڑیوں سے ہوگا جس کیلئے کھلاڑیوں کو زیادہ محنت کی ضرورت ہوگی، ہم پرامید ہیں کہ تمام کھلاڑی ہر گیم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس ایونٹ کو جیت کر یادگار بنا دیں گے۔سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ نے اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایونٹ کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں۔چوتھی بین الصوبائی گیمز میں مردوں کی ٹیمیں 26جبکہ خواتین کی ٹیمیں 10گیمز میں حصہ لیں گی۔