سلیکٹرز کو مشورہ دینا میرا کام نہیں،کامران اکمل

شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ)پشاور زلمی کو پلے آف تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے کامران اکمل نے لاہور قلندرز کے خلاف جیت کا کریڈٹ بولرز کو دیدیا ہے۔لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گئے اہم ترین میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔میچ کے بعد نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کامران اکمل کا کہنا تھا کہ بڑا ہدف تھا لیکن شروع کے 6 اوورز میں ہم جس طرح کھیلے اس سے جیت کا مومنٹم بنا۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے ڈیوائن اسمتھ اور پھر محمد حفیظ نے مجھے بھرپور اعتماد دیا اور ساتھ لے کر چلے جس سے مجھے بھی لمبی اننگز کھیلنے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ آج کے میچ میں جیت کا کریڈٹ ہمارے بولرز کو جاتا ہے کیونکہ جس طرح کی وکٹ تھی اس پر 190 اور اس سے زائد کا ٹوٹل ہونا تھا لیکن ہمارے بولرز نے 20 کے قریب رنز کم دیئے۔کامران اکمل کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم آج کا میچ جیتے ہیں کوشش کریں گے کہ پلے آف مرحلے میں بھی ایسا ہی کھیلیں تاکہ ہماری ٹیم لاہور اور کراچی میں ہونے والے میچز بھی کھیلے۔ٹیم میں واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ میرا کام صرف پرفارم کرنا ہے، ٹیم میں موقع دینا تو کوچ اور سلیکٹرز کا کام ہے۔دوسری جانب ہپشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ہم پلے آف مرحلے کے بعد ڈائریکٹ کراچی کے لیے کوالیفائی کریں گے، امید ہے کہ ہم 18 مارچ کو اسلام آباد کو شکست دیکر کراچی کی ٹکٹ بک کرائیں گے۔پشاور زلمی کے نوجوان ٹیلنٹ کے حوالے سے ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کا نوجوان بولر حسن علی آئی سی سی کا نمبر ون بولر بنا اور لیگ اسپنر ابتسام شیخ کا مستقبل بھی اچھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شارجہ ہمارے لیے بہت ہی خوش قسمت رہا ہے کیونکہ یہاں ہم نے ایک بھی میچ نہیں ہارا ہے۔ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کے لیے بہت اچھی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جیسے فخر زمان، حسن علی اور رومان رئیس ابھر کر سامنے آئے اور ان کھلاڑیوں نے ثابت کیا کہ یہ دباؤ میں بھی کھیل سکتے ہیں۔کامران اکمل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ پاکستان سلیکٹرز کو مشورہ دینا میرا کام نہیں ہے لیکن جب کھلاڑی پرفارم کرتا ہے تو وہ سلیکٹرز کی نظروں میں آجاتا ہے۔ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ کامران اکمل ایک میچ ونر کھلاڑی ہے اور مجھے اس پر پورا اعتماد ہے، وہ ایک ایسا کھلاڑی ہے کہ جس دن چلتا ہے اکیلے ہی میچ کا پانسا پلٹ سکتا ہے اور ہمارے 10 میچز میں سے 3 اس نے اکیلے ہی جتوائے ہیں۔

تعارف: newseditor