دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی اسلام آباد کے خلاف پاکستان سپر لیگ تھری کے پہلے کوالیفائر میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ایک بار پھر گھٹنے میں تکلیف شروع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے 18 مارچ کو دبئی میں ہونے والے پہلے کوالیفائر میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے شاہد آفریدی پی ایس ایل تھری کے ابتدائی چند میچز میں بھی کراچی کنگز کی نمائندگی نہیں کرسکے تھے اور اب دوبارہ انہیں گھٹنے میں درد کی شکایت ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی اسلام آباد کے خلاف اہم ترین میچ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی اور فتح حاصل کرنے کیلئے بے چین ہیں البتہ ان کی دستیابی کا حتمی فیصلہ ایم آر آئی اسکین کی رپورٹ آنے کے بعد ہی ہوگا۔خیال رہے کہ 18 مارچ کو ہونے والے کوالیفائر کی فاتح ٹیم براہ راست فائنل میں جگہ بنالے گی جبکہ شکست کھانے والی ٹیم کو فائنل تک رسائی کا ایک اور موقع ملے گا۔پی ایس ایل تھری کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔