شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ)بر طانیہ سے تعلق رکھنے والے مشہور سیکیورٹی ماہر رگ ڈگسن نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والے غیر ملکی کرکٹرز کو یقین دلایا ہے کہ لاہور اور کراچی محفوظ شہر ہیں۔دونوں شہروں میں کرکٹرز کو فول پروف اور اعلی پائے کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے جمعے کی صبح ہوٹل کی کافی شاپ میں غیر ملکی کرکٹرز کو بر یفنگ میں بتائی۔رائے ونڈ لاہور میں خود کش بم دھماکے کے بعد پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والے غیر ملکی کرکٹرزکے خدشات کو ختم کرنے کے لئےآئی سی سی اور فیکا سے منظور شدہ غیر ملکی سیکیورٹی کمپنی کے سربراہ رگ ڈگسن جمعے کی صبح دبئی پہنچ گئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے رگ ڈگسن اور غیر ملکی کرکٹرز کے درمیان دبئی میں ایک میٹنگ کا انتظام کیا جس میں رگ اور پی سی بی حکام نے غیر ملکیوں کو پاکستان کے حالات اور لاہور اور کراچی میں سیکیورٹی انتظامات پر خصوصی بریفنگ دی ۔بند کمرے میں ہونے والی اس ملاقات میں کوشش کی گئی کہ غیر ملکی کھلاڑی بڑی تعداد میں لاہور اور کراچی کے لئے سفر کرسکیں۔پاکستان کرکٹ سے وابستہ کچھ بڑے نام بھی غیر ملکیوں کے اعتماد میں اضافے کے لئے ان سے الگ الگ ملاقاتیں کررہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے جمعے کو جنگ سے بات چیت میں رگ ڈگسن کی غیر ملکی کرکٹرز سے ملاقات کی تصدیق کی ہے۔اور کہا ہے کہ میری اطلاعات کے مطابق دو غیر ملکیوں کے علاو تمام ہ غیر ملکی پاکستان آئیں گے۔میڈیا اس موقع پر قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ غیر ملکیوں کو رگ ڈگسن پاکستانی حالات اور انتظامات کے بارے میں بتایا گیا ہے کیوں کہ وہ حالیہ دنوں میں دو بار کراچی بھی آچکے ہیں۔انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اور ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان اوئن مورگن پاکستان سپرلیگ کے میچز کے لیے پاکستان نہیں جائیں گے تاہم وہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے ضمن میں کی جانے والی کوششوں سے خاصے مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے پاکستان جانے کے بارے میں حتمی فیصلے کو اپنی فیملی سے مشاورت سے مشروط کررکھا ہے۔مورگن کا کہنا ہے کہ اس سیزن مزید پیش رفت ہوئی ہے اور ورلڈ الیون اور سری لنکن ٹیم کی شکل میں بین الاقوامی میچز لاہور میں کھیلے گئے ہیں جبکہ پی ایس ایل کے بھی چند میچز پاکستان میں رکھے گئے ہیں لہذا امید کی جاسکتی ہے کہ آنے والے برسوں میں مزید پیش رفت ہوگی جیسا کہ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پاکستان کا دورہ کرنے والی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر اعظم خان کا کہنا ہے کہ اس وقت کہنا مشکل ہے کہ کون کون لاہور اور کراچی جائے گا۔ہماری اطلاعات کے مطابق کیون پیٹرسن کے علاوہ تمام کھلاڑی پاکستان جانے کا تیار ہیں۔اس وقت سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ان کے نام نہیں بتا سکتے۔اعظم خان نے کہا کہ کوئٹہ کے مالک ندیم عمر براہ راست غیر ملکیوں سے رابطے میں ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے کرس گرین اور بین لافلین یقینی طور پر جائیں گے۔غیر ملکی کرکٹرز کو اضافی معاوضہ دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔