دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ کے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور جو ٹیم کامیاب ہوگی وہ فائنل کے لئے کراچی کی اڑان بھرے گی۔آج کے میچ میں ہارنے والی ٹیم کو ایونٹ میں رہنے کے لئے ایک اور موقع ملے گا جو دوسرے کوالیفائینگ میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی۔ یاد رہے کہ دوسرا کوالیفائنگ میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان 20 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا اور کامیاب ہونے والی ٹیم پہلے کوالیفائنگ کی ناکام ٹیم سے 21 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوگی۔2 پلے آف میچز کی میزبانی کرنے والے قذافی اسٹیڈیم کے باہر سڑکوں پر کھلاڑیوں کی تصاویر اور خیر مقدمی بینر آویزاں کردیے گئے ہیں جب کہ اسٹیڈیم اور اطراف کا علاقہ آج سے 21 مارچ تک کاروباری سرگرمیوں کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا جس کے لئے تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مقامی کھلاڑی لاہور پہنچ گئے جب کہ کوئٹہ کے غیر ملکی کھلاڑی کل سے لاہور پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔