پی ایس ایل،،غیر ملکی کھلاڑیوں کی آج سے آمد شروع،،،کون کون آرہا ہے؟

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ میں شامل غیر ملکی کھلاڑی آج سے پاکستان پہنچنا شروع ہوں گے جب کہ غیرملکی کمنٹیٹر لاہور پہنچ گئے۔ 

پشاور زلمی کے تمام غیرملکی کھلاڑی آج رات ایک بجے پاکستان پہنچیں گے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ دوسری بڑی ٹیم ہے جس کے بیشتر کھلاڑی فائنل کھیلنے کراچی پہنچیں گے۔

غیرملکی کھلاڑیوں کے حوالے سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سب سے زیادہ نقصان ہوگا کیوں کہ اس کے بیشتر غیرملکی کھلاڑی پاکستان نہیں آرہے تاہم ٹیم مینجمنٹ نے متبادل انتظام کرلیا ہے جب کہ کراچی کنگز کے بھی بیشتر غیرملکی کرکٹرز پاکستان آئیں گے۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، لیام ڈاؤسن، کرس جورڈن، آندرے فلیچر پاکستان آرہے ہیں جب کہ بنگلادیش کے تمیم اقبال اور شکیب الحسن میں سے کوئی ایک کھلاڑی پاکستان آئے گا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کے انکار کے بعد متبادل کھلاڑیوں سے رابطے شروع کردیے اور مینجمنٹ نے سری لنکا کے تھسارا پریرا اور بنگلہ دیش کے محمود اللہ کو لائن اپ کرلیا ہے جب کہ رلی روسو نے پاکستان آنے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔

کراچی کنگز کے لینڈل سمنز، کولن انگرام، جوڈینلی، ٹائمل ملز اور روی بوپارا پاکستان آرہے ہیں تاہم کپتان عماد وسیم کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم کی قیادت کرنے والے این مورگن پاکستان نہیں آرہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 24 مارچ کو پاکستان پہنچے گی جس کے غیرملکی کھلاڑیوں میں جے پی ڈومنی، لیوک رونچی، سمت پٹیل، اسٹیون فن، آندرے رسلز اور چیڈوک والٹن شامل ہیں جب کہ سیم بلنگز اور الیکس ہیلز نہ آنے والوں میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے دو ایلیمینیٹرز میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے لئے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں کل مدمقابل ہوں گی اور فاتح ٹیم اگلے روز کراچی کنگز سے ٹکرائے گی۔

پی ایس ایل کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور ایلیمینیٹرز راؤنڈ میں کامیاب ہونے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل ہوگی۔

تعارف: newseditor