لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے دوسرے ایلیمی نیٹر میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو13رنز سے شکست دے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، فائنل میں اس کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔بارش سے متاثرہ میچ 16، 16 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا،پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ 170رنز بنائے ، جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم دو وکٹوں کے نقصان پر 157رنز بناسکی۔نسبتاً مشکل ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 13رنز پر اوپنر مختار احمد صرف ایک رن بناکر سمین گل کی گیند پر سیمی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد بابر اعظم اور ڈینلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 12 اوور میں اسکور 110رنز تک پہنچادیا، بابر اعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اسکور 130 رنز تک پہنچادیا، اس موقع پر بابر اعظم 45 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیل کر حسن علی کا شکار ہوگئے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایلیمی نیٹر میں کامران اکمل کی تیز ترین نصف سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 16اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر171رنز بنائے تھے ، کامران اکمل نے صرف 27گیندوں پر 77 رنز بنائے۔اوپنرز کامران اکمل اور فلیچر نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 107 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔کامران اکمل نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے عثمان خان شنواری کے ایک اوور میں 2 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 25رنز بنائے۔
کامران اکمل نے صرف 17 گیندوں پر پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 54رنز اسکور کیے، جو پی ایس ایل کی تاریخ کی تیزترین نصف سنچری ہے۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی نے 19گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری بنائی تھی۔کامران اکمل اور فلیچر نے 107 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، پشاور کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب فلیچر 34 رنز کی اننگز کھیل کر بوپارا کی گیند پر ڈینلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔کامران اکمل صرف 27 گیندوں پر برق رفتار 77 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔محمد حفیظ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بناکر بوپارا کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ڈاؤسن نے 13رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان سیمی نے بھی بھرپور اننگز کھیلی اور 12 گیندوں پر 23رنز بنائے، جس میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل ہے۔سعد نسیم صرف رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اگلی ہی گیند پر وہاب ریاض باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس طرح پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ 16 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنالئے۔کراچی کنگز کی جانب سے بوپارا نے تین، تائمل ملز نے دو اور عثمان خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔