کیپ ٹائون(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقا کیخلاف سیریز میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے بعض کھلاڑی کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کوہوٹل سے نکالنا چاہتے تھے ۔بال ٹیمپرنگ معاملے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی اندرونی کہانی باہر آنا شروع ہوگئی ہے،جنوبی افریقا کے دورے کے دوران ٹیم آسٹریلیا تنازعات کا شکار رہی ہے۔آسٹریلوی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹیم کے کھلاڑی یہ سمجھتے ہیں کہ بال ٹیمپرنگ معاملے میں ڈیوڈ وارنر کا کردار مرکزی نوعیت کا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا کے دورے کے دوران ڈیوڈ وارنر کا رویہ انتہائی خراب اور غصے سے بھرپور رہا،کھلاڑیوں نے آسٹریلوی بورڈ سے شکایت کی اور انہیں ہوٹل سے نکالنے کی تجویز دی تاکہ وارنر اور ناراض کھلاڑیوں میں جھگڑا نہ ہوا۔ذرائع کے مطابق بال ٹیمپرنگ معاملہ سامنے آنے کے بعد سے وارنر کا رویہ مزید خراب ہوگیا تھا اور انہوں نے آسٹریلوی کھلاڑیوں کے لئے بنائے گئے واٹس ایپ گروپس سے بھی خود کو علیحدہ کرلیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک بین کرافٹ کی بال سے چھیڑ چھاڑ کی تصاویر سامنے نہیں آئی تھیں آسٹریلوی ٹیم کے کئی کھلاڑی بال ٹیمپرنگ معاملے سے بے خبر تھے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ تنازع پر تحقیقات شروع کردی ،اب تک جو معاملہ سامنے آیا ہے اس کے مطابق ڈیوڈ وانر نے شراب نوشی کی تھی،آسٹریلوی ٹیم کے نائب کپتان کو 12 ماہ تک کی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔