کامن ویلتھ گیمز ایشین گیمز کی تیاری کیلئے مددگار ہونگے،شہباز سینئر

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے توقع ظاہر کی ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ یہ ایونٹ رواں سال انڈونیشیا میں ہونے والی ایشین گیمز کی تیاری کیلئے مدد گار ثابت ہوگا۔ گزشتہ روز میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 18 رکنی قومی ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لئے آسٹریلیا پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے لئے کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں بھرپور محنت کی ہے اور غیر ملکی کوچ نے کھلاڑیوں کو بھرپور تربیت دی ہے۔ کامن ویلتھ گیمز میں قومی ہاکی ٹیم عمدہ کارکردگی کیلئے پر امید ہے یہ ایونٹ رواں سال اگست میں انڈونیشیا میں ہونے والی ایشین گیمز کی تیاری کے لئے مدد ثابت ہوگا۔ایونٹ میں جو کھلاڑی گئے ہیں ان میں محمد رضوان سینئر کپتان اور عماد شکیل بٹ نائب کپتان ہوں گے دیگر کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، محمد عرفان سینئر، تعظیم الحسن، مبشر علی، فیصل قادر، توثیق ارشاد، تصور عباس، ابوبکر محمود، عرفان جونیئر، شفقت رسول، دلبر، عتیق ارشاد، علی شان اور ارسلان قادر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز 4 سے 15 اپریل تک گولڈ کوسٹ، آسٹریلیا میں کھیلی جائیں گی۔

تعارف: newseditor