کرائسٹ چرچ ٹیسٹ،نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 382 رنز کا ہدف

کرائسٹ چرچ(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز 352 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کرکے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 382 رنز کا ہدف دے دیا۔ جو روٹ اور ڈیوڈ ملان نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنا لئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو کرائسٹ چرچ میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 202 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو جو روٹ 30 اور ڈیوڈ ملان 19 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں کے مابین 97 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جو روٹ 54 اور ملان 53 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔بین سٹوکس 12 ، جونی بیئرسٹو 36، سٹورٹ براڈ 12 اور مارک ووڈ 9 رنز بنا سکے۔ انگلینڈ نے 352 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کردی، پہلی اننگز میں 29 رنز کی برتری کی وجہ سے انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے 382 رنز کا ہدف دیا۔ کولن ڈی گرینڈہوم نے چار جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور نیل ویگنر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ نے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنا لئے۔ ٹام لیتھم 25 اور جیت راول 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

 

تعارف: newseditor