اسلام آباد( نواز گوھر)اتھلیٹکس کے میدان میں پاکستان کے لئے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے اور اے ایف پی کے سربراہ جنرل(ر) اکرم ساہی کی کوششوں سے ایشین اتھلیٹکس فیڈریشن نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے فارن کوالیفائیڈ اتھلیٹکس کوچ اور پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سیکر ٹری سلمان اقبال بٹ کو ڈائریکٹر اتھلیٹکس ڈویلپمنٹ ایشیاء تعینات کر دیا گیاہے ۔ انکی تقرری کے باقاعدہ احکامت جاری کر دئے گئے ہیں، بطور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وہ ایشیاء بھر میں اتھلیٹکس کی ترقی ۔کوچز ٹرینرز کے پراجیکٹس ترتیب دیں اور انکی نگرانی کریں گے۔اتھلیٹکس جیسے بڑے کھیل میں اس سطح پر پاکستان کے کسی نمائندے کی تقرری ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا،جسکا سہرا بلا شبہ اے ایف پی کے سر براہ جنرل (ر) اکرم ساہی کو جاتا ہے جنکی کوششوں اور ایشین لیول پر بہترین لابنگ کے بعد پاکستان کو ایشیاء کی سطح پر یہ اہم پوسٹ ہاتھ آئی ہے۔اے ایف پی کے سر براہ جنرل (ر) اکرم ساہی نے سلمان اقبال بٹ کی تقرری کے حوالے سے خبر کی تصدیق کی اور اسے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈائریکٹر ڈویلپمینٹ ایشیاء کی پوسٹ ایشین اتھلیٹکس فیڈریشن کے اہم ترین عہدوں میں سے ایک عہدہ ہے جو ہم نے بڑی لابنگ کے بعد حاصل کیا ہے اس عہدے پر کسی پاکستانی کے ہونے کا مطلب ایشیاء میں اتھلیٹکس کے معاملات میں پاکستان کی گرپ مظبوط ہونا ہے۔انہوں نے امیدظاہر کی ہے کہ سلمان اقبال بٹ اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان کے لئے نیک نامی کا باعث بنیں گے اور پاکستان سمیت ایشیاء بھر میں اتھلیٹکس کے فروغ کے لئے اپنی صلاحیتوں کابھرپور استعمال کریں گے۔ادھر نو منتحب ڈائریکٹر ڈویلپمینٹ اتھلیٹکس ایشیاء سلمان اقبال بٹ نے اپنی تقرری پر صدر پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن اور ایشین اتھلیٹکس فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ اپنے عہدہ سے انصاف کریں ، انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ صدر اے ایف پی جنرل(ر) اکرم ساہی کی ذاتی کوششوں اور لابنگ سے ہی یہ پوسٹ پاکستان کو ملی ہے،میری کوشش ہوگی کہ میں اس عہدے پر رہتے ہوئے پاکستان میں اتھلیٹکس کے فروغ کے لئے اور بہتر انداز میں کام کروں۔