ٹی ٹونٹی کرکٹ پر کن دو خانوں کا راج؟

اسلام آباد(سوپرٹس لنک رپورٹ)کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کو بلے بازوں کے لیے سازگار کھیل کہا جاتا ہے لیکن وہیں پر حیران کن بات یہ ہے کہ اس فارمیٹ میں فاسٹ بولرز کی بجائے سپنرز راج کر رہے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی کی جانب سے حال ہی میں جاری ہونے والی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بولرز کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست دس بولرز میں سے آٹھ سپنرز ہیں، جبکہ صرف دو ہی ایسے فاسٹ بولرز ہیں جو ٹاپ ٹین بولرز میں شامل ہونے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔

اس کے علاوہ حالیہ رینکنگ میں ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ سرفہرست سات بولروں میں سے چھ رِسٹ سپنر یا لیگ سپنرز ہیں۔

کرکٹ

آئی سی سی کی رینکنگ میں پہلا نمبر افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان کا ہے جن کے پوائنٹس 759 ہیں۔ راشد خان حال ہی میں ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔

راشد خان اب تک 29 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 49 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

ان کے بعد دوسرے نمبر پر پاکستان کے نوجوان لیگ سپنر شاداب خان ہیں جو راشد خان سے اب صرف 26 پوائنٹس ہی پیچھے ہیں۔ اس سے قبل شاداب خان 12ویں پوزیشن پر تھے لیکن اپنی حالیہ عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر وہ انتہائی تیزی کے ساتھ دس پوزیشنز پھلانگتے ہوئے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

کرکٹ

شاداب خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں کھیلی جانے والی تین ٹی ٹوینٹی میچوں کی سیریز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ رواں سال وہ اب تک چھ میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر وہ 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 24 وکٹیں لے چکے ہیں۔

ان کے علاوہ ٹاپ ٹین بولرز میں شامل پاکستانی بولر عماد وسیم ہیں جو اس وقت نویں پوزیشن پر ہیں۔

بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان اور متحدہ عرب امارات کے محمد نوید وہ دو فاسٹ بولرز ہیں جو ابتدائی دس بولرز کی فہرست میں شامل ہونے میں کامیاب رہے۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بولرز کی عالمی رینکنگ کچھ اس طرح ہے:

کھلاڑی ملک ریٹنگ
راشد خان افغانستان 759
شاداب خان پاکستان 733
یوزویندرا چہال انڈیا 706
اش سودھی نیوزی لینڈ 700
سیمیول بدری ویسٹ انڈیز 671
مچل سینٹنر نیوزی لینڈ 665
عمران طاہر جنوبی افریقہ 650
مستفیض الرحمان بنگلہ دیش 647
عماد وسیم پاکستان 637
محمد نوید متحدہ عرب امارات 626

تعارف: newseditor