کشمیر سپرلیگ 28اپریل سے مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگی

اسلام آباد( نواز گوھر)کشمیر سپر لیگ کے چیئر مین مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ 28اپریل سے 12مئی تک مظفر آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کشمیر سپر لیگ کروانے جا رہے ہیں جس میں 6ٹیمیں شرکت کرینگی اور ہر ٹیم میں چار،چار قومی کھلاڑی شامل ہونگے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے اجازت کیلئے آزاد کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے ذریعے پی سی بی کو درخواست بھجوا دی گئی ہے ۔ چیئر مین کاشف جاوید اور ذوالفقار علی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود احمد خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے بعد آزاد کشمیر کے نوجوانوں میں بھی کرکٹ کے بارے میں جوش وخروش میں اضافہ ہوا اور آزاد کشمیر میں کرکٹ کا ٹیلنٹ بھی موجود ہے ۔پچھلے سال ہم نے مظفر آباد کرکٹ لیگ کے نام ایک لیگ منعقد کروا چکے ہیں
جس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی اور اب ہم ‘کشمیر سپر لیگ’ کے نام سے ایک ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ کروانے جا رہے ہیں جس میں آزاد کشمیر کی 6ٹیمیں شرکت کرینگی ،ہر ٹیم میں 4،4قومی کھلاڑی شر کت کرینگے۔انہوں نے بتایا کہ 28اپریل12مئی تک مظفر آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلی جانیوالی اس کشمیر سپر لیگ میں مظفر آباد قلندرز،باغ بادشاہ،کوٹلی لائینز،راولا کوٹ واریئرز،میر پور ٹائیگرزاور ایم کے فائیٹرز ٹیمیں شرکت کرینگی۔مذکورہ لیگ کیلئے 12کھلاڑیوں سے معاملات طے پا گئے ہیں ان کھلاڑیوں میں محمد عرفان،راحت علی،ذوالفقار بابر،عامر یامین،گلریز صدف ، آغا سلیمان و دیگرشامل ہیں جبکہ 12کھلاڑیوں کیساتھ بات چیت جاری ہے۔مسعود احمد خان نے بتایا کہ آزاد کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن ریجن کے صدر کو درخواست دی ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے اس ٹورنامنٹ کی باقاعدہ اجازت لیکر دیں جبکہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم اور آزاد کشمیر سپورٹس بورڈ نے ہمیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 20لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 10لاکھ روپے انعامی رقم سے نوازا جائیگا جبکہ کیچ پکڑنے والے شائقین میں سے قرعہ اندازی کے ذریعے ایک کو موٹر سائیکل بھی انعام میں دیا جائیگا۔کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 17اپریل کو ہوگی،پچھلے سال لاہور قلندر بھی مظفرآباد میں ایک ایونٹ منعقد کروا چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کرینگے ،کھلاڑیوں پر نگرانی رکھنے کیلئے انٹی کرپشن یونٹ قائم کر دیا گیا ہے،کھلاڑیوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرینگے جبکہ شائقین کرکٹ کیلئے 100سے ایک ہزار روپے قیمت کے ٹکٹس بنک اور سٹیڈیم کے باہر دستیاب ہونگے۔مسعود احمد خان نے بتایا کہ آزاد کشمیر حکومت ،وزیر کھیل اور آزاد کشمیر کرکٹ ریجن کے صدر نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے،لیگ کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے جبکہ اس لیگ کے انعقادسے آزاد کشمیر میں چھپا ہوا کرکٹ کا ٹیلنٹ سامنے آئیگا

تعارف: newseditor