کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں سٹیٹ بینک نے عمر ایسوسی ایٹس کو اننگز اور 54رنز سے شکست دے دی جبکہ صابرز پولٹری نے ایچ ای سی کیخلاف اننگز اور 55رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ کراچی میں پول اے کے میچز میں کے الیکٹرک نے سول ایوی ایشن اتھارٹی پر 84رنز کی برتری حاصل کرلی۔تفصیلا ت کے مطابق سٹیٹ بینک نے عمر ایسوسی ایٹس کو اننگز اور 54رنز سے زیر کرلیا۔ سٹیٹ بینک نے گزشتہ روز چاروکٹوں پر139رنز سے اپنی واحد اننگز دوبارہ شروع کی اور 270رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اسرار اللہ نے 106رنز کی اننگز میں ایک چھکا اور 13چوکے لگائے ۔ دانش عزیز اور زین اللہ نے 3، 3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ عمر ایسوسی ایٹس نے 157رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز شروع کی اور محض 103پر ڈھیر ہوگئی۔ عثمان خان نے 77رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ تاج ولی اور عمید آصف نے 4، 4جبکہ نذر حسین نے دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔ ریلویز سٹیڈیم لاہور میں صابرز پولٹری نے ایچ ای سی کیخلاف اننگز اور 55رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ صابرز پولٹری نے تین وکٹوں پر189رنز سے اپنی واحد اننگز دوبارہ شروع کی اور مقررہ اوورز میں 309رنز 5وکٹوں پر بنائے ۔ جواب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم نے 182رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز شروع کی اور 127پر آؤٹ ہوگئی۔ ناصر احمد نے 6کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انہوں نے میچ میں 10وکٹیں حاصل کیں۔ نعیم لیاقت نے تین شکار کئے ۔پول سی میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کے باعث جہاں پہلے دن کا کھیل نہیں ہوسکا تھا، پی آئی اے نے آرمی کیخلاف بغیر کسی نقصان کے 134بنائے ۔ شہزر محمود 73 اور طاہر عباس 55رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ۔