قانون کی خلاف ورزی،،دو بھارتی اتھلیٹس کو کامن ویلتھ گیمز سے نکال دیا گیا

گولڈ کوسٹ(سپورٹس لنک رپورٹ)کامن ویلتھ فیڈریشن نے دو بھارتی ایتھلیٹس کو قانون کی خلاف ورزی پر مقابلوں سے نکال دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرپل جمپنگ میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے راکیش بابو اور دوڑ کے مقابلوں میں حصہ لینے والے عرفان کولوتھم تھوڈی کے کمروں سے سرنج برآمد ہونے پر انہیں مقابلوں سے نکالا گیا۔کامن ویلتھ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ دونوں ایتھلیٹس کو نو نیڈل پالیسی کی خلاف ورزی پر گیمز ولیج سے نکال دیا گیا جبکہ ان کے ایکریڈیٹیشن کارڈز بھی معطل کردیے گئے ہیں۔فیڈریشن حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بھارتی ایتھلیٹس کسی مقابلے میں حصہ لینے کے اہل نہیں رہے اور انہیں دستیاب فلائٹ سے واپس بھیج دیا جائے گا۔یاد رہے کہ راکیش بابو کو 14 مارچ کو ہونے والے ٹرپل جمپنگ مقابلے کے فائنل میں حصہ لینا تھا جبکہ عرفان تھوڈی نے ہونے والی 20 کلو میٹر ریس میں 13ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ کامن ویلتھ فیڈریشن کے صدر لیوس مارٹن کے مطابق ہوٹل کے عملے نے راکیش بابو اور عرفان تھوڈی کے کمرے کی صفائی کے دوران انجکشن برآمد کیا جبکہ آسٹریلین اسپورٹس اینٹی ڈوپنگ اتھارٹی کے حکام نے بھی راکیش بابو کے بیگ کی تلاشی کے دوران سرنج برآمد کی۔فیڈریشن کے صدر کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کورٹ نے دونوں ایتھلیٹس کو قصوروار قرار دیا جبکہ دونوں ایتھلیٹس کی جانب سے سرنج رکھنے یا اس کی معلومات سے متعلق انکار میں کوئی ٹھوس وزن نہیں ہے۔کامن ویلتھ گیمز کے لئے بھارتی چیف وکرم سنگھ سسودیا، جنرل منیجر نمدیو شرگونکر اور ایتھلیٹس ٹیم منیجر روندر چوہدری کو بھی نو نیڈیل پالیسی کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

تعارف: newseditor