ننھے مہمان کی آمد،،بھارتی صحافی کے طنز پر ثانیہ مرزا کاعمدہ جواب

ممبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانی کرکٹ اسٹار شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے حال ہی میں مداحوں کو نہایت منفرد انداز میں اپنے والدین بننے کی خوشخبری سنائی، جس کے بعد اسپورٹس اور شوبز سمیت دیگر نامور شخصیات کی جانب سے مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ایک بھارتی صحافی راج دیپ سردیسائی نے بھی ٹوئٹر پر ثانیہ مرزا کو مبارک باد دی جس پر دونوں کے درمیان ہلکی پھلکی نوک جھونک نظر آئی۔بھارتی صحافی نے ثانیہ کو مخاطب کرکے لکھا، ‘مبارک ہو، آپ سیٹل ہوگئیں’، ساتھ ہی انہوں نے ٹینس اسٹار کی فیملی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔جواب میں ثانیہ مرزا نے بھارتی صحافی کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی تصحیح کرتے ہوئے لکھا، ’سیٹل تو میں کب کی ہوگئی تھی’، ہاں ماں اب بن رہی ہوں۔واضح رہے کہ 2016 میں بھارتی صحافی راج دیپ سر دیسائی کو ثانیہ مرزا سے انٹرویو میں صنفی امتیاز پر مبنی سوال کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔راج دیپ نے ثانیہ سے سوال کیا تھا کہ ‘وہ ماں بننے کا ارادہ کب رکھتی ہیں، آخر وہ سیٹل کب ہو رہی ہیں؟جس پر ٹینس اسٹار نے انہیں جواب دیا تھا کہ ‘آپ کے نزدیک ایک خاتون کھلاڑی کی کامیابیوں کی کوئی اہمیت نہیں، میں دنیا میں نمبر ون کھلاڑی ہوں، سیٹل ہونا ماں بننے کے مترادف نہیں ہوتا ہے’۔ٹینس اسٹار ثانیہ نے انہیں احساس دلاتے ہوئے سوال کیا تھا کہ ‘کیا وہ کسی مرد کھلاڑی سے بھی یہی سوال کرتے ہیں؟یاد رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی شادی کو 8 برس ہوچکے ہیں، دونوں نے 23 اپریل کو  ننھے مہمان کی آمد کی خوشخبری  سوشل میڈیا پر سنائی تھی۔

تعارف: newseditor