لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے کہا ہے کہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کے ویژن کے مطابق انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، کھلاڑیوں کے ٹرائلز 5اور 6مئی کو نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پہلی مرتبہ لاکھوں روپے کے انعامات رکھے گئے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ٹینس کورٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ارشد جاوید قریشی، سینئر کوچ شاہد محمودنظامی، رئیس الرحمٰن،مصطفی شاہ بھی موجود تھے، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد حفیظ بھٹی نے مزید کہا کہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمدعامر جان نے باکسنگ کے فروغ کیلئے چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جارہا ہے
چیمپئن شپ کے انعقاد سے نئے باکسر سامنے آئیں گے، انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کیلئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ، پاکستان باکسنگ فیڈریشن، پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن، ڈویژنل سپورٹس آفیسرز اور ضلعی سپورٹس آفیسرزکو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں سے کھلاڑی لائیں اور چیمپئن شپ میں حصہ لیں، انہوں نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں تین کیٹیگری رکھی گئی ہیں ان میں یوتھ، ایلیٹ اور وومن ایلیٹ شامل ہیں، یوتھ اور ایلیٹ میں 10،10ویٹ کیٹیگریز رکھی گئی ہیں جبکہ وومن ایلیٹ کی 6 ویٹ کیٹیگریزہوں گی، چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 20اپریل سے 3مئی تک رجسٹریشن کی گئی ہے، محمد حفیظ بھٹی نے مزید بتایا کہ چیمپئن شپ کا سلوگن’’کون بنے گا پنجاب کا باکسنگ چیمپئن‘‘ رکھا گیا ہے۔