پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جنید خان پالتو کتے کی موت پر انتہائی افسردہ ہیں۔ جنید خان جنہوں نے کتے کو بڑی محبت سے پالا تھا اس کیلئے کھانے پینے کا خصوصی اہتمام کرتے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس کتے کی پرورش پر رقم کے ساتھ ساتھ اپنا قیمتی وقت بھی صرف کیا جس کی وجہ سے انہیں اس کتے سے انتہائی لگاؤ ہوگیا تھا۔یاد رہے کہ جنید خان کے پالتو کتے جوئی کو چند روزقبل اس وقت ایک موٹر سائیکل سوار کچل کر فرار ہوگیا تھا جب وہ گلی میں کھیل رہا تھا۔جنید خان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی اپنے پالتو کتے کو بھلا نہیں پائیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 27 اپریل ان کی زندگی کا نہ بھلائے جانے والا دن ہے کیونکہ اس دن میرا پہلا بیٹا پیدائش کے کچھ دیر بعد انتقال کر گیا تھا ۔ جنید خان کا کہنا تھا کہ بیٹے کی موت کسی بھی باپ کیلئے کتنی تکلیف دہ ہوتی ہے ، میری دعا ہے کہ اللہ کبھی کسی باپ کو یہ دن نہ دکھائے۔