برسبین(سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلین ٹیم کے نئے کوچ جسٹن لینگر نے کہا ہے کہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد آسٹریلین ٹیم کو دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ور، دیانت دار اور نمبر ایک ٹیم بنانا ہدف ہے۔رواں سال مارچ میں دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد آسٹریلین ٹیم کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ کرنے پر کپتان اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک برس جبکہ کیمرون بینکرافٹ پر نو ماہ کی پابندی عائد کر دی تھی۔دورے کے دوران ہی ٹیم کوچ ڈیرن لی مین بھی عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔آسٹریلین ٹیم آئندہ ماہ دورہ انگلینڈ کے سلسلے میں برسبین میں تیاریوں میں مصروف ہے اور دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلین کوچ نے کہا کہ اس وقت ہماری ٹیم مشکل دور سے گزر رہی ہے اور عوام اور شائقین کے اعتماد کی بحالی اور عزت پانے کے لیے کھلاڑیوں کو میدان اور میدان سے باہر اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ ٹیم کو انگلش میڈیا اور اس کی عوام کے تندوتیز سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن ہماری تمام تر توجہ کرکٹ پر ہو گی۔جسٹن لینگر نے کہا کہ آسٹریلیا کو دوبارہ عالمی نمبر ایک ٹیم بنانا میرا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کے لیے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔