لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد مارک اسٹون مین کو اسکواڈ سے ڈراپ کرتے ہوئے لنکا شائر کے اوپننگ بیٹسمین کیٹن جیننگز کو پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انگلش اسکواڈ میں طلب کر لیا ہے۔پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے کامیابی حاصل کی تھی اور مارک اسٹون مین میچ کی دونوں اننگز میں صرف 13 رنز اسکور کر سکے تھے۔واضح رہے کہ 2012 میں اینڈریو اسٹراس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے انگلینڈ کو اپنے سب سے کامیاب بلے باز ایلسٹر کک کا اوپننگ پارٹنر ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور متعدد کھلاڑیوں کو آزمانے کے باوجود ابھی تک کوئی بھی بلے باز خود کو کک کا اچھا جوڑی دار ثابت نہیں کر سکا۔انگلش چیف سلیکٹر ایڈ اسمتھ نے کہا کہ اسٹونمین کی رواں سال اب تک کی کارکردگی مایوس کن رہی اس لیے ان کی جگہ کیٹن جیننگز کو موقع دیا گیا ہے جنہوں نے اب تک کاؤنٹی سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔اعلان کردہ اسکواڈ کپتان جو روٹ، ایلسٹر کُک، کیٹن جیننگز ،ڈیوڈ ملان، جونی بیئراسٹو، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، کرس ووکس، مارک وُڈ، اسٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن اور ڈومینک بیس پر مشتمل ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ یکم جون سے ہیڈنگلے میں شروع ہو اور پاکستان کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔