پیرس(سپورٹس لنک رپورٹ) سال کے دوسرے گرینڈ سلیم کے پہلے ہی راؤنڈ سے سنسنی خیز مقابلوں کا آغاز ہو گیا ہے اور ایونٹ کے پہلے ہی راؤنڈ میں ویمنز دفاعی چیمپیئن جلینا اوسٹاپینکو، وینس ولیمز، وکٹوریہ آزرنیکا اور اسٹان واورنکا شکست کھا کر باہر ہو گئے ہیں۔فرانس میں جاری میگا ایونٹ کے دوسرے روز مینز سنگلز ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میچز میں سابق عالمی نمبر ایک سربین کھلاڑی نوواک جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف برازیلین کھلاڑی دوترا سلوا کو 6-3، 6-4 اور 6-4 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔آسٹرین کھلاڑی ڈومینک تھیم بھی پہلی آزمائش میں سرخرو رہے اور انہوں نے ایواشکا کو 6-2، 6-4 اور 6-1 سے زیر کر کے دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی جبکہ اسپینش کھلاڑی باٹسٹا ایگٹ نے ڈینس ایسٹومن کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔سوئس سٹار اسٹان لاس واورنکا پہلا مرحلہ عبور کرنے میں ناکام رہے اور انہیں اسپین کے گارشیا لوپیز کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ میزبان ملک کے کھلاڑی بینوئٹ پیئر نے اسپینش کھلاڑی کارلالیس بائنا کو ہرا کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔دوسری جانب خواتین کے مقابلوں میں پہلے راؤنڈ میچز میں جمہوریہ چیک کی کھلاڑی پیٹراکویٹووا نے روئیگ کو سخت مقابلے کے بعد 3-6، 6-1 اور 7-5 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی جبکہ دفاعی چیمپئن جلینا اوسٹاپینکو پہلی رکاوٹ عبور کرنے میں ناکام رہیں اور انہیں یوکرینی کھلاڑی کوزلووا کے ہاتھوں اسٹریٹ سیٹ میں شکست ہوئی۔سابق عالمی نمبر ایک وینس ولیمز بھی پہلے راؤنڈ کی مہمان ثابت ہوئیں اور انہیں چینی کھلاڑی قیانگ وانگ نے شکست فاش سے دوچار کیا جبکہ جمہوریہ چیک کی کیٹارینا سینیاکووا نے وکٹوریہ آزرینکا کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔