لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ملک میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کا بڑا کردار رہا ہے اور اسے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے لیکن ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کا بند ہونا اچھی خبر نہیں ہے۔یوبی ایل کرکٹ ٹیم کی بندش پر تبصرہ کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اس سے کھلاڑیوں میں مایوسی پیدا ہوگی اور وہ غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار ہوجائیں گے۔اطلاعات کے مطابق یوبی ایل نے اپنی کرکٹ ٹیم کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس بارے میں انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو بھی آگاہ کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن منصور مسعود خان کا کہنا ہے کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے، انتظامیہ کئی آپشنز پر غور کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر قیاس آرائیاں درست نہیں ہیں، ہم اپنی اکیڈمی کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔پاکستان ٹیم کے نوجوان بیٹسمین سعد علی کا تعلق بھی یوبی ایل سے ہے۔اس سے قبل1997میں بھی یوبی ایل کرکٹ ٹیم کو اچانک بند کردیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے 25 کھلاڑی اور دس دیگر ملازم براہ راست متاثر ہوسکتے ہیں۔ان کھلاڑیوں میں یونس خان، عمر اکمل، شان مسعود، رومان رئیس، سعد علی، محمد اصغر، احسان عادل، محمد نواز، میر حمزہ، سہیل خان، صہیب مقصود شامل ہیں۔گزشتہ سیزن میں یوبی ایل نے ون ڈے ٹورنامنٹ جیتا تھا۔