اسٹیو رہوڈز بنگلہ دیش کے نئے کوچ مقرر

ڈھاکا(سپورٹس لنک رپورٹ) سابق انگلش وکٹ کیپر اسٹیو رہوڈز بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر کر دیے گئے ہیں اور وہ 2020 میں شیڈول ورلڈ ٹی20 تک ذمے داریاں انجام دیں گے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ گزشتہ برس اکتوبر میں چندیکا ہتھورو سنگھا کے مستعفی ہونے کے بعد سے نئے کوچ کی تلاش میں مصروف تھا اور رہوڈز کی تقرری کے ساتھ ہی 8ماہ کا طویل انتظار بھی ختم ہو گیا۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق گیری کرسٹن نے اسٹیو رہوڈز کو کوچ بنانے کی سفارش کی تھی جس کے بعد وہ کوچنگ کے مضبوط امیدوار کے طور پر ابھر کر سامنے آئے تھے۔جمعرات کو رہوہڈز کا انٹرویو لیا گیا جس میں انہوں نے پریزینٹیشن کے دوران بنگلہ دیشی ٹیم کی بہتری کے لیے 2 سالہ پلان دیا اور انٹرویو کے 3گھنٹے بعد بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے باضابطہ طور پر رہوہڈز کو ٹیم کا نیا کوچ بنانے کا اعلان کیا۔اسٹیو روہڈز نے اپنے بیان میں کہا کہ گیری کرسٹن نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو کوچ کے لیے میرا نام دیا جس پر مجھے فخر ہے اور میں ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہوں۔54 سالہ رہوڈز کو 11 ٹیسٹ اور 9 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں انگلش ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔

error: Content is protected !!