آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ کااعلان،نسیم شاہ بھی شامل

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2020ءکے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈبیو کرنے والے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔15رکنی سکواڈ کا اعلان جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سلیم جعفر نے قذافی سٹیڈیم، لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

ایونٹ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر بلے باز روحیل نذیر کریں گے جب کہ حیدر علی نائب کپتان ہوں گے،دیگر کھلاڑیوں میں عبدالواحد بنگلزئی، محمد شہزاد، محمد حارث اور محمد حریرہ،محمد عرفان خان، عباس آفریدی، فہد منیر اور قاسم اکرم ،عامر علی، آرش علی خان، عامر خان اور طاہر حسین بھی ٹیم میں شامل ہیں۔سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ہیڈ کوچ منیجر جبکہ سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلر راؤافتخار انجم باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

ایونٹ آئندہ سال 17 جنوری سے 9 فروری تک جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا۔قومی انڈر 19 ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 19 جنوری کو کھیلے گی۔پریس کانفرنس میں چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ، سری لنکا سیریز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارم کرنے والے پلیئرز کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے

امید ہے یہ کھلاڑی ورلڈ کپ کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہیں گے،انہوں نے کہا کہ جو لڑکے سکواڈز کا حصہ بننے میں کامیاب نہیں ہوسکے انہیں دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، مستقبل میں ان کو بھی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جائے گا۔چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم6بار سیمی فائنل جبکہ 2بار ورلڈ کپ جیت چکی ہے، امید کرتا ہوں کہ اس بار بھی گرین شرٹس ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

error: Content is protected !!