زیورخ( آن لائن )فٹ بال کی عالمی تنظیم ((فیفا)) نے رواں برس روس میں شیڈول ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے آفیشلز کا اعلان کر دیا، کسی برطانوی ریفری کو منتخب نہیں کیا گیا، یہ 1938 کے بعد پہلا موقع ہے کہ میگا ٹورنامنٹ کیلئے برطانوی ریفری کا چنائو نہ کیا گیا ہو، ورلڈ کپ 14 جون سے 15 جولائی تک روس میں کھیلا جائے گا جس میں عالمی چیمپئن جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔فٹ بال کی ورلڈ گورننگ باڈی کے مطابق رواں ماہ شیڈول ورلڈ کپ کیلئے 36 ریفری اور 63 اسسٹنٹ ریفریز کا اعلان کر دیا گیا ہے تاہم انگلینڈ، سکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ سے کسی ریفری کا انتخاب نہیں کیا گیا، وڈیو اسسٹنٹ ریفریز کا چنائو ٹورنامنٹ میں پول آف آفیشلز سے کیا جائے گا، یاد رہے کہ وڈیو اسسٹنٹ ریفری پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں خدمات سر انجام دے گا، یہ 80 برس بعد پہلا موقع ہے کہ کوئی برطانوی ریفری ایونٹ کا حصہ نہیں ہو گا، 1938 میں منعقدہ ایونٹ کے بعد دوسری جنگ عظیم کی وجہ سے 12 سال ورلڈ کپ منعقد نہیں ہو سکا تھا تاہم 1950 سے 2014 تک منعقدہ ہر ایونٹ میں کم از کم ایک برطانوی ریفری شامل رہا ہے۔