ایڈنبرگ (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان گیارہ سال کے طویل عرصے بعد مقابلہ ہوگا جس کے پیش نظر گرین شرٹس سکاٹش ٹیم پر دھا ک بٹھانے کو تیار ہیں۔ پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیمیں گرینج کرکٹ کلب گراؤنڈ ایڈن برگ میں کل پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں صف آرا ہوں گی جبکہ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ بھی اسی مقام پر بدھ کو کھیلا جائے گا۔ ٹریننگ سیشن کے دوران کوچنگ سٹاف کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کرنے میں مصروف ہے ۔ذرائع کے مطابق بیٹنگ میں اوپنر فخر زمان ،احمد شہزاد ،فہیم اشرف اور حارث سہیل امیدوں کے محور ہوں گے ۔قومی کپتان سرفراز احمد نے میزبان ٹیم کو تر نوالہ سمجھنے کی غلطی سے اجتناب کی ہدایت کردی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی سیریز میں جیت کیلئے اپنا حصہ ڈالیں کیونکہ گراؤنڈ میں عمدہ کارکردگی سے کامیابی ملے گی ۔پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کے مطابق گرین شرٹس نے اتوار کو ٹریننگ سیشن میں شرکت نہیں کی اور ہوٹل کے کمروں میں آرام کو ترجیح دی ۔ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ میں مسلسل کرکٹ کے بعد پر سکون ہونے کا موقع فراہم کرنا چاہتے تھے جس کے باعث پریکٹس سے گریز کیا گیا۔ آج گرین شرٹس پہلے ٹی ٹونٹی کی تیاری کیلئے تین گھنٹے کا بھرپور پریکٹس سیشن کریں گے جس میں کھیل کے تمام شعبوں میں کارکردگی کو بہتر بنانے کی بھرپورکوشش کی جائے گی۔