لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز برابر کرنا بڑی کامیابی ہے ،ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور سیکھنے کے مراحل سے گزر رہی ہے ،سر فراز احمد ورلڈکپ 2019 تک پاکستان ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے۔ ایک انٹر ویو کے دوران نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیسٹ میچ دیکھنے کی دعوت پر وہاں گئے تھے لیکن اس مرتبہ ٹیم کے کے ساتھ دورہ کچھ زیادہ طویل ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کپتان سرفراز احمد کو سپورٹ کیا ہے ، سرفراز کے علاوہ ہماری ٹیم میں کوئی بھی کھلاڑی کپتانی کا اہل نظر نہیں آتا،،میرا پورا اعتماد سرفراز احمد پر ہی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ کرکٹ گرانڈز کے بارے میں بھی پالیسی بنالی گئی ہے ، کرکٹ کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ سٹیڈیم کی پچز پر کتنے میچز کھیلے جاسکتے ہیں، اگر پی سی بی کو گرانڈ کی ضرورت ہے تو کسی کو بھی گرانڈ نہیں ملے گا۔انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل فرنچائززکی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انتخابات اور پھر نئی حکومت آنے کے بعد نجم سیٹھی چیئرمین برقرار رہیں گے ، اس سوال پر انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنا کام پوری ایمانداری سے کیا ہے۔یاد رہے کہ چیئرمین نجم سیٹھی کے بیرون ملک دورے پی سی بی کی جیب پر بھاری پڑنے لگے ہیں ۔ ان کے 31روزہ بے مقصد دورہ انگلینڈ پر بورڈ نے تقریبا 45لاکھ روپے خرچ کر ڈالے۔چیئرمین پی سی بی کی تنخواہ روپیہ بھی نہیں لیکن پھر بھی نجم سیٹھی نے لاکھوں تنخواہ کی پرکشش نوکری چھوڑ کر پی سی بی چیئرمین کا عہدہ سنبھالا۔ بغیر تنخواہ بھی اس عہدے میں کتنے فائدے ہیں یہ سمجھنا عام آدمی کے بس کی بات نہیں۔قومی ٹیم آئرلینڈ پہنچی تو نجم سیٹھی نے بھی وہیں ڈیرے ڈال لیے۔ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز ختم بھی ہوگئی، کھلاڑی لوٹ آئے مگر نجم سیٹھی تاحال وہیں موجود ہیں۔چیئرمین پی سی بی کے بیرون ملک دورے پر ایک دن کا خرچ کتنا ہے اب ذرا یہ بھی سن لیجئے۔ان کی ڈیلی 7500 ہزار ہوٹل کمرے کا خرچ 45000 گاڑی روزانا دو سو پونڈ یعنی 31 ہزار روپے نجم سیٹھی نے 31 روز آئر لینڈ اور انگلینڈ میں گزارے جس پر بورڈ سے 45 لاکھ روپے وصول کیے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ آئرلینڈ کا دورہ میزبان بورڈ کی دعوت پر کیا۔ انگلینڈ کیوں گئی اس پر بورڈ خاموش ہے۔ سرکاری خرچ پر چیئرمین کے غیر ملکی دورے کی روایت صرف پاکستان میں ہے، دیگر بورڈز میں اسے غیر مناسب سمجھا جاتا ہے۔۔