پاک، بھارت،یو اے ای 3 ملکی شوٹنگ بال سیریز کیلئے گرین سگنل


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان، بھارت اور متحدہ عرب امارات کے مابین 3 ملکی شوٹنگ بال سیریز کا انعقاد کیا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق یہ بات پاکستان شوٹنگ بال فیڈریشن کے سیکرٹری سید مدد علی شاہ نے بھارت اور نیپال کے مابین شوٹنگ بال سیریز کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی، انھوں نے کہا کہ ایشن شوٹنگ بال فیڈریشن نے سیریز کیلئے پاکستان کو گرین سگنل دے دیا ہے۔بھارت اور نیپال کے مابین سیریز کا انعقاد ایشین شوٹنگ بال فیڈریشن کی اجازت سے نیپال میں کیا گیا تھا، سیریز بھارت نے 2-0 سے جیت لی، سینئر بوائز شوٹنگ بال سیریز میں بھارت نے نیپال کو 15-5 اور15-8 سے شکست دی جبکہ سینئر گرلز شوٹنگ بال سیریز میں بھارت نے نیپال کو 15-6 اور 15-2 سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔مہمان خصوصی جنرل سیکرٹری ایشین شوٹنگ بال فیڈریشن راوندرا تمارا نے سیریز کی فاتح ٹرافی بھارت کے کپتان کو پیش کی۔سیریز کے اختتام پر مہمان خصوصی جنرل سیکرٹری ایشین شوٹنگ بال فیڈریشن راوندرا تمارا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ متحدہ عرب امارات میں جلد ہی پاکستان، بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 3 ملکی سیریز کا انعقاد کیا جائے جس کیلئے ہم نے کام کا آغاز کردیا ہے۔اس موقع پر سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر قیصر ، بلوچستان شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عبدالکریم لونی، خالد بروہی اور اعجاز احمد نے ایشین شوٹنگ بال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری راوندرا تمارا کو سیریز کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔

error: Content is protected !!