کوئٹہ (سپورٹس لنک رپورٹ)کوئٹہ میں عیدالفطر کے موقع پر انڈے لڑانے کا روایتی کھیل کھیلا جاتا ہے۔کوئٹہ میں عید کے تہوار پر انڈے لڑانے کا روایتی اور دلچسپ کھیل نہ کھیلا جائے یہ ہو نہیں سکتا، شہر کے مختلف مقامات پر انڈوں کی لڑائی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔اس کھیل میں اُبلے ہوئے انڈے استعمال کیے جاتے ہیں اور بچے ہوں یا بڑے سب ہی اس کھیل میں دلچسپی لیتے ہیں۔
کھیل کے قواعد کے مطابق دو افراد آپس میں انڈے لڑاتے ہیں، ایک شخص انڈے کے نوک والے حصے کو دوسرے شخص کے ہاتھ میں موجود انڈے کے نوک والے حصے سے ٹکراتا ہے، جس شخص کا انڈہ ٹوٹ جائے وہ ہار جاتا ہے اور اپنا ٹوٹا ہوا انڈا جیتے ہوئے شخص کےحوالے کر دیتا ہے۔انڈہ لڑانے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں اس کھیل میں مزا آتا ہے اور اس کھیل میں ایک خاص قسم کی تکنیک استعمال کی جاتی ہے۔انڈہ لڑانے سے پہلے اسے دانتوں سے چیک کیا جاتا ہے اور کوشش ہوتی ہے کہ دوسرے کے انڈے پر اس انداز اور ہلکی طاقت سے ضرب لگائی جائے کہ اپنا انڈہ بچ جائے اور دوسرے کا انڈا ٹوٹ جائے۔
انڈے لڑانے کے لیے اگر کوئی مدمقابل نہ ہو تو انڈے فروخت کرنے والوں سے ہی انڈہ لڑا لیا جاتا ہے۔جیت جائیں تو انڈہ اسے مل جاتا ہے ورنہ ہارنے والے شخص کو اپنا ٹوٹا ہوا انڈہ یا اس کے پیسے دینے پڑتے ہیں۔انڈہ لڑائی پر شرطیں بھی لگائی جاتی ہیں اور کبھی کبھی انڈہ لڑائی مد مقابل افراد کے درمیان حقیقی لڑائی جھگڑے میں بھی تبدیل ہو جاتی ہے تاہم لوگوں کا کہنا ہے کہ انڈہ لڑانے کے کھیل کو تفریح تک ہی محدود رہناچاہیے۔