پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) خیبرپختونخوا انٹر ڈویژنل والی بال چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی ، فائنل میں پشاور ڈویژن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنوں ڈویژن کو دو کے مقابلے تین سیٹ سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس خیبرپختونخوا عزیز اﷲ جان مہمان خصوصی تھے جنہوں نے تمام فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد وقار ،صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر فقیر اعوان ،فنانس سیکرٹری بختیار عالم ، ڈسٹرکٹ سیکرٹری لوئر دیر فرہاد خان ، ڈسٹرکٹ سیکرٹری بنوں لئیق خان ، ایگزیکٹو ممبر سجاد خان سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں۔ خیبرپختونخوا والی بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پی ایس بی کوچنگ سنٹر جمنازیم پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ انٹرڈویژنل والی بال چیمپئن شپ کا فائنل پشاور اور بنوں ڈویژن کے مابین کھیلاگیا جو کافی سنسنی خیز رہا ، پہلے دو سیٹ میں پشاور نے25-19,25-21 سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرے اور چوتھے سیٹ میں بنوں کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے25-22 اور25-23 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقابلہ دو دو سے برابر کیاجبکہ آخری سیٹ میں پشاو ر نے اپنے روایتی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15-13 سے کامیابی حاصل کرکے فائنل تین دو سے اپنے نام کرلی
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خالد وقار نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں صوبہ بھر سے سات ڈویژن کی ٹیموں نے حصہ لیا جن کو والی بال کٹ سمیت ٹرانسپورٹ اور ڈیلی الاؤنس کے علاوہ بہترین رہائش مہیا کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں والی بال کھیل کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان قومی جونیئر و سینئر دو نوں ٹیموں میں خیبرپختونخوا کے چھ سے سات کھلاڑی ضرور شامل ہوتے ہیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس عزیز اﷲ جان نے کہا کہ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اہم رول ادا کیا ہے انڈر 23 گیمز میں محکمہ کھیل نے تمام ڈسٹرکٹ کے مرد وخواتین کھلاڑیوں کو اپنے دہلیزپر ٹریک سوٹ ، شوز اور جیتنے والے کھلاڑیوں کو ٹرافی ، میڈلز اور کیش انعامات تقسیم کئے جو کہ پاکستان کی سطح پر ایک ریکارڈ ہے کیونکہ گیارہ ہزار ایتھلیٹس نے ان مقابلوں میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو سکالر شپ بھی مہیا کی جارہی ہے