کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئی پالیسی کے تحت اپنے کئی کوچز کو ملک سے باہر دوسرے منصوبوں میں کام کرنے سے روک دیا ہے۔ پی سی بی اپنے کوچز کو بیرون ملک جانے کے لئے این او سی دینے سے گریزاں ہے۔ پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ صبیح اظہر اور اقبال امام کو انگلینڈ جانے سے روک دیا گیا ہے۔ جبکہ قومی اکیڈمی میں ذمے داریاں نبھانے والے منصور رانا اور محتشم رشید کو کینیڈا جانے کے لئے بھی این او سی جاری کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے صبیح اظہر کو ہیڈ کوچ اور اقبال امام کو بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ دونو ں کو بھی این او سی جاری نہیں کیا گیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں اکیڈمیز کام کررہی ہیں۔ صبیح اظہر پنڈی اور اقبال امام حیدرآباد اکیڈمی کے ساتھ منسلک ہیں۔پاکستان ڈس ایبلڈ کے حکام پر امید ہیں کہ دونوں کو این او سی مل جائے گا۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے چار جولائی کو لندن روانہ ہونا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی سے بھی اس بارے میں رابطہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل کینیڈا لیگ کے لئے قومی اکیڈمی کو بھی این او سی نہیں مل سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کینیڈین لیگ کمرشل منصوبہ تھا جبکہ ڈس ایبلڈ کرکٹ میں پاکستان ٹیم شریک ہے لیکن یہ کمرشل منصوبہ نہیں ہے۔ پیر کو کراچی میں پاکستان ڈس ایبلڈ کے حکام پریس انفرنس میں ٹیم کے حوالے سے مزید تفصیلات کا اعلان کریں گے۔