ہرارے (سپورٹس لنک رپورٹ)زمبابوین ٹی ٹونٹی ٹرائی سیریز کے دوسرے معرکے میں آسٹریلیا کیخلاف ناکامی سے دوچار ہونے کے بعد پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اس میچ میں بھی ٹاس کی بہت زیادہ اہمیت تھی جو ان کے حق میں نہیں رہا لیکن ابتدائی چھ اوورز میں ہی اہم وکٹیں گنوا دی جائیں تو پھر میچ میں خود کو شکست سے بچانا ممکن نہیں رہتا۔انہوں نے آسٹریلیا کی کامیابی کا کریڈٹ بلی سٹین لیک کو دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پیس اور باؤنس کے ساتھ اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جس کیخلاف پاکستانی بیٹسمین جم کر نہیں کھیل سکے جن کو اپنی کارکردگی پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔آسٹریلین کپتان آرون فنچ کا کہنا تھا کہ ان کے باؤلرز نے ابتدا میں ہی کھیل کی ایک راہ متعین کردی جس کیلئے وکٹ بھی سازگار تھی۔ان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں ٹرائی سیریز جیتنے کیلئے آئے ہیں اور ان کی منصوبہ بندی کارآمد ثابت ہوئی ۔ انہوں نے آسٹریلین ٹیم کی کارکردگی کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہرچرڈسن نے بھرپور انداز سے کم بیک کیا۔آرون فنچ کا کہنا تھا کہ جب کمتر سکور کا تعاقب کرنا ہو تو مشکلات سے بچاؤ کیلئے زیادہ کھل کر کھیلنا پڑتا ہے اور انہوں نے اسی طرح کامیابی کو یقینی بنایا۔