فنچ اور شارٹ نے کئی عالمی ریکارڈ پاش پاش کر دیے

ہرارے(سپورٹس لنک رپورٹ) زمبابوے میں جاری سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں ایرون فنچ کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے ٹی20 کرکٹ کے کئی ریکارڈز پاس پاش کر دیے۔

آسٹریلین ٹی20 ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیل کر نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔

فنچ نے 76 گیندوں پر 10 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 172 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا اور 5سال قبل بنایا گیا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔

اس سے قبل بھی ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ آسٹریلین جارح مزاج اوپنر کے پاس تھا جنہوں نے 2013 میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 63 گیندوں پر 14 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 156 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اسی میچ میں فنچ نے ڈی آرسی شارٹ کے ساتھ مل کر نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹی20 انٹرنیشنل میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

دونوں بلے بازوں نے منگل کو کھیلے گئے میچ میں اوپننگ شراکت میں 223 رنز بنا کر سنگ میل عبور کیا جو ناصرف پہلی وکٹ بلکہ ٹی20 کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔

اس سے قبل دنیا کی کوئی بھی ٹیم ٹی20 کرکٹ میں 200 سے زائد رنز کی شراکت قائم نہیں کر سکی۔

ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں اس سے قبل کسی بھی وکٹ میں بڑی شراکت کا نیوزی لینڈ کے کرکٹرز کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل کے پاس تھا۔

گپٹل اور ولیمسن نے 2016 میں پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اوپننگ شراکت میں ناقابل شکست 171 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔

ایرون فنچ نے اس اننگز کے دوران 172 رنز بنائے اور آسٹریلیا کے مجموعی اسکور میں ان کا حصہ 75فیصد سے زائد رہا جو ہر طرز کی ٹی20 کرکٹ کا عالمی ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل ٹی20 میں ٹیم کے مجموعی رنز کے مقابلے میں سب سے زیادہ انفرادی رنز کی اوسط کا ریکارڈ پاکستان کے کامران اکمل کے پاس تھا جنہوں نے 2017 کے نیشنل ٹی20 کپ میں 71.77 فیصد رنز بنائے تھے۔

کامران اکمل کی ٹیم نے 209 رنز بنائے تھے جس میں وکٹ کیپر بلے باز کا حصہ 150 رنز کا رہا تھا جبکہ انٹرنیشنل ٹی20 میچ میں 70فیصد رنز کے ساتھ یہ اعزاز کین ولیمسن کے پاس تھا۔

ڈی آر سی شارٹ اور فنچ کی پارٹنرشپ میں مجموعی طور پر 116 گیندیں کھیلی گئیں جو انٹرنیشنل ٹی20 میچ میں کسی بھی وکٹ کے لیے ہونے والی پارٹنرشپ میں کھیلی گئیں سب سے زیادہ گیندیں ہیں۔

فنچ نے اس اننگز کے دوران 76 گیندیں کھیلیں جو کسی بھی انٹرنیشنل ٹی20 اننگز میں بلے باز کی جانب سے کھیلی گئی گیندوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

میچ میں آسٹریلیا نے 100 رنز سے فتح اپنے نام کی جو ٹی20 انٹرنیشنل میں ٹیم کی رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے۔

تعارف: newseditor