نیشنل وومین فٹبال ‘ کراچی یونائیٹڈ اور آرمی کو فائنل کا ٹکٹ مل گیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کراچی یونائیٹڈ نے پنجاب کو0-2اور پاکستان آرمی نے پاکستان واپڈا کو ٹائی بریکر پر 1-2سے شکست دے کر 12ویں نیشنل وومین فٹبال چمپئن شپ کے فائنل میںاپنی جگہ مستحکم کرلی۔فائنل 12جنوری کو 3بجے سہہ پہر جبکہ 12بجے دوپہر تیسری پوزیشن کا میچ پاکستان واپڈا اور پنجاب کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔

کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم کے سرسبز اور خوبصورت میدان پر پہلے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموںنے عمدہ کھیل پیش کیا اور وقفہ پر دونوں ٹیمیں 0-0کی برابری کے ساتھ میدان میں آئیں تاہم دوسرے ہاف میں نینا زہری، سوہا ہیرانی علیحہ الہ دین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا جب 64ویں منٹ میں نینا زہری کے دائیں جانب سے لگائے گئے کراس کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ علیحہ الہ دین نے پلک جھپکتے میں گیند کو جال میں پہنچاکر کراچی یونائیٹڈ کو 0-1سے آگے کردیااور 75ویں منٹ میں نینا زہری کی انفرادی کوشش گول میں تبدیل ہوگئی۔فائنل وسل پر کراچی یونائیٹڈ 0-2کی فتح کے ساتھ فائنل میں داخل ہوگئی۔

دفاعی چمپئن پاکستان آرمی اور پاکستان واپڈا کے مابین دوسراسیمی فائنل انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا۔ حاجرہ خان نے 19ویں منٹ میں گول اسکور کرکے پاکستان آرمی کو 0-1کی برتری دلادی جسے 45+2ویں منٹ میںعلیحہ صادق نے پاکستان واپڈا کو خسارے سے نکال کر مقابلہ 1-1سے برابر کردیا۔دوسرے دورانیہ میں دونوںٹیمیں مزید کوئی گول اسکور کرنے میں ناکام رہیں ۔ 30منٹ کے فاضل وقت میں بھی پاکستان آرمی اور پاکستان واپڈا کی ٹیمیں برتری کے حصول میں ناکام رہیں۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے ٹائی بریکر پر کا سہارہ لیا گیا جہاں پاکستان آرمی کی خدیجہ اور کیپٹن ملائیکہ نے درست نشانہ لگایا۔ رمین، حاجرہ اور علینہ کے نشانے خطا ہوگئے۔ پاکستان واپڈا کی جانب سے صرف ایک بار گیند کو جال میں ڈالا گیاجب سحر زمان نے گیند کو جال میں پہنچایا جبکہ نادیہ بھٹی، دعا گیلانی ، سمیرا کوثر اور فاطمہ ا نصاری کی ککس درست نشانے پر نہ جاسکیں۔ اور پاکستان آرمی 1-2کی فیصلہ کن کامیابی کے ساتھ میدان سے باہر آئی۔

error: Content is protected !!