ماسکو: (سپورٹس لنک رپورٹ) فٹبال کا عالمی چیمپئن کون بنتا ہے، اس کے لیے تو الٹی گنتی شروع ہو چکی۔ کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور پھر فیصلہ کن میدان لگے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ "گولڈن بوٹ” کی دوڑ بھی تیز ہو گئی ہے، جس میں ابھی تک انگلینڈ کے ہیری کین 6 گولز کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔روس میں سجا فٹبال میلہ اپنے عروج پر، کوارٹر فائنل مرحلہ کل سے شروع ہوگا۔ سیمی فائنلز اور پھر 15 جولائی کو کسی ایک ٹیم کے سر چیمپئن کا تاج سج جائے گا۔ ٹیم مقابلے اپنی جگہ لیکن زیادہ گول کرنے اور گولڈن بوٹ کا ایوارڈ جیتنے کی دوڑ بھی تیز سے تیز ہوگئی ہے۔ ابھی تک انگلش کپتان ہیری کین 6 گولز کے ساتھ ایوارڈ کے لیے فیورٹ قرار دیے جا رہے ہیں۔دوسرے نمبر پر بیلجئیم کے رومیلو لوکاکو ہیں جنہوں نے 4 بار گیند کو جال میں پھینک کر گولڈن بوٹ کی فہرست میں اپنا نام درج کرایا۔ ایونٹ سے آؤٹ پرتگالی ٹیم کے کپتان اور دنیائے فٹبال کے سپر سٹار کرسٹیانو رونالڈو کے بھی 4 ہی گول ہیں۔ تین گول کرنے والے میزبان ملک کے ڈینس چیری شیف، سپین کے ڈیگو کوسٹا، فرانس کے 19 سالہ کائلیان میپی اور انجری کا شکار یورگوئن ایڈنسن کیوانی ٹاپ تھری میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ کوارٹر فائنلز کل سے شروع ہوں گے، پہلے روز یوراگوئے اور فرانس جبکہ برازیل اور بیلجیئم کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔