ایمسٹرڈیم (سپورٹس لنک رپورٹ) نیپال کی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ دورہ ہالینڈ کے دوران ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کرے گی۔ ہالینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیئے کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان دو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم اگست جبکہ دوسرا اور آخری میچ 3 اگست کو کھیلا جائے گا۔نیپال نے رواں سال مارچ میں زمبابوے میں منعقدہ ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں آٹھویں پوزیشن حاصل کر کے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا درجہ حاصل کیا تھا اور وہ اگست میں ہالینڈ کے خلاف ڈیبیو کرے گی۔دوسری جانب میزبان ہالینڈ کی ٹیم بھی 4 برس بعد انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی، ہالینڈ کی ٹیم 2014ء میں نیوزی لینڈ میں منعقدہ ورلڈ کپ کوالیفائر میں مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کا درجہ کھو چکی تھی تاہم 2015-17ء میں ورلڈ کرکٹ لیگ چیمپئن شپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر کے اس نے دوبارہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کا درجہ حاصل کیا۔