سینٹ پیٹرز برگ(سپورٹس لنک رپورٹ)عالمی کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم فرانس کے ٹیم منیجر ڈیڈیئر ڈیشامپ نے کہا ہے کہ ہم نے درست موقع پر عروج پایا۔ فرنچ ٹیم کو ورلڈکپ کے ابتدائی میچز میں واجبی کارکردگی پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔ ’’لیس بلیوز‘‘ نے بشمکل دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی لیکن اس کے بعد کارکردگی بہتر ہوتی گئی۔ کوچ نے اس متعلق استفسار پر مسکراتے ہوئےکہا کہ ہماری تیاری بہترین تھی، میرے پاس نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا زبردست گروپ ہے۔ پلیئرز نے اپنا اپنا کردار بخوبی ادا کیا۔ 2016 یورو چیمپئن شپ کے فائنل میں پرتگال کے ہاتھوں شکست کو تسلیم کرنا مشکل تھا۔ہم نہیں چاہتے دوبارہ ایسا ہو۔ ورلڈکپ کا اختتام بہترین طریقے سے کرنا چاہتے ہیں۔ڈیشامپ کیلئے اتوار کا فائنل تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا۔ وہ 1998 میں عالمی چیمپئن بننے والی فرنچ ٹیم کے کپتان تھے اور اب ان کی کوچنگ میں فرانس اس اعزاز سے ایک فتح کی دوری پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اس قدر پرعزم ہیں کہ راہ میں پہاڑ بھی آجائے تو اسے ہٹا دیں گے۔