لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔سیکرٹر ی سپورٹس پنجاب ایوب چودھری نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرہ صحت مند سرگرمیوں سے تشکیل پاتا ہے اس لئے نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب راغب کرنے کیلئے لاہور ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں نوجوانوں کی صلاحیتیں ابھر کر سامنے آئیں گی، الیکشن کے بعد پنجاب کی دیگر ڈویژنز میں بھی اسی طرح کی چیمپئن شپ منعقد کرائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں لاہور ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ میں کھیلوں کے مقابلوں کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈائریکٹر سپیشل پراجیکٹس انیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے باعث نوجوان سپورٹس سے دور ہورہے ہیں جس کیلئے سپورٹس کی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں، مستقبل میں سکولوں کے بچوں کو بھی اس میں شامل کریں گے تاکہ طالب علم اس میں شامل ہوں۔ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے سپورٹس کے مقابلے انتہائی ضروری ہیں تاکہ نوجوان اپنا وقت غیر ضروری سرگرمیوں میں ضائع نہ کریں، انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کے ویژن کے مطابق سرسبز اور صحتمند پنجاب کیلئے سپورٹس کے کلچرکو فروغ دے رہے ہیں، پنجاب کو سرسبز اور صحت مند بنا رہے ہیں، پنجاب میں 50 فیصد نوجوان ہیں جس کے لئے ان کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے مواقع فراہم کررہے ہیں تاکہ نوجوان زیادہ سے زیادہ سپورٹس کی جانب آئیں، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری سے کھلاڑیوں کا تعارف بھی کرایا گیا ، کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔