ورلڈ جونیئر ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنا اعزاز،نوح دستگیر


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ جونیئر ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی جانب سے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے کہا ہے تاشقند میں ہونیوالی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر فخر ہے کہ پاکستان کا نام دنیا میں روشن کیا، حکومت نے میرے ساتھ تعاون کیاجس نے میری کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جس پر میں مشکور ہوں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے نوح دستگیر بٹ کو سپورٹس بورڈ پنجاب آمد پر گرمجوشی سے خوش آمدید کہا اور پھولوں کے ہار پہنائے، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی، سی ای او ویٹ لفٹنگ فیڈریشن حافظ عمران بٹ، جنرل سیکرٹری پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن امجد امین بٹ ، نائب صدر راشد ملک،نوح بٹ کے والد غلام دستگیر بٹ اور دیگر بھی موجود تھے، نوح دستگیر بٹ نے کہا کہ پاکستان کیلئے ویٹ لفٹنگ میں پہلا گولڈ میڈل جیتنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے، اگلے ماہ جکارتہ میں ہونیوالی ایشیئن گیمز میں بھی شرکت کروں گا،جس میں ایران ، ازبکستان سمیت کئی ممالک کے ویٹ لفٹرز شریک ہوں گے،پرامید ہوں پاکستان کیلئے مزید میڈلز حاصل کروں گا،اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے کہا کہ نوح دستگیر بٹ ہم سب کا فخر ہے کہ اس نے عالمی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا اور ملک کا نام روشن کیا، سپورٹس بورڈ پنجاب ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن سے ویٹ لفٹنگ کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کررہا ہے، ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نوجوان ویٹ لفٹرز کیلئے مثال ہیں محنت اور قومی جذبہ سے ہر میدان میں فتح حاصل کی جا سکتی ہے۔

error: Content is protected !!