سنٹرل کنٹریکٹ کی فہرست منظوری کیلئے چیئرمین پی سی بی کو ارسال


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرکے چیئرمین پی سی بی کو منظوری کے لئے بھجوادی۔ ڈوپ ٹیسٹ کیس کے باعث احمد شہزاد کا نام کنٹریکٹ سے نکال دیا گیا جبکہ حسین طلعت اور آصف علی کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیا گیا ہے ۔ رپورٹس کے مطابق ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اوپنر احمد شہزاد کانام فہرست سے نکال دیاگیا ہے جبکہ سینئربلے باز محمد حفیظ کی کیٹیگری میں ردوبدل کا معاملہ چیئرمین پی سی بی کی صوابدید پر چھوڑدیا گیا ہے۔ بابر اعظم کو پہلی مرتبہ اے کیٹیگری میں شامل کیاجائے گا اس کے علاوہ وہاب ریاض کو سی کیٹیگری میں شامل کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو بھجوائی گئی فہرست میں سرفراز احمد، محمد عامر، یاسر شاہ ، شعیب ملک ، اظہر علی، بابر اعظم، محمد حفیظ،حسن علی ، اسد شفیق، وہاب ریاض ، سمیع اسلم ، شان مسعود ، فخر زمان ، جنید خان ، شاداب خان ،عثمان صلاح الدین، امام الحق، آصف علی ، حسین طلعت، شاہین شاہ آ فریدی ، صاحبزادہ فرحان، حارث سہیل، عثمان شنواری کے نام شامل ہیں۔ رومان رئیس اور عماد وسیم کی کنٹریکٹ میں شمولیت ان کی فٹنس رپورٹ سے مشروط کی گئی ہے۔ کمیٹی نے انڈر 19 ، پاکستان اے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے پانچ کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔

error: Content is protected !!