یوم آزادی انڈر16فٹبال‘ سیمی فائنل مرحلے میں داخل

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ایس پی سی آل کراچی انڈر16یوم آزادی ڈے اینڈ نائٹ فٹبال فیسٹول کا رنگا رنگ آغاز ہوگیا۔ ڈی ایف اے سینٹرل کی زیرنگرانی اور یوپی جیم خانہ فٹبال کلب کے تعاون سے سکسٹین اسٹار فٹبال گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا پر71ویں یوم آزادی پر سیف گیمز گولڈمیڈلسٹ سلیم پٹنی ،سیکریٹری ڈی ایف سینٹرل نے گیند کو رسمی کک لگا کر ایونٹ کا افتتاح کیا۔ قبل ازیں شریک 8ٹیموں نے مکمل کٹ میں مارچ پاسٹ کیا اور قومی ترانہ کو قطار در قطار انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ سنا۔ جس پر شائقین کی گراؤنڈ پر موجود ایک کثیر تعداد نے پُرجوش انداز میں تالیان بجاکر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ہمارے پڑوسی ملک سے آئے ہوئے خصوصی مہمان عبدالرحمن اور غلام برجاکے علاوہ نائب صدر سینٹرل محمد شمیم، جوائنٹ سیکریٹری سید خورشید علی شاہ، آفس سیکریٹری یاسر عرفات،رکن عبدالکریم،ہارون عیسیٰ شیرازی، کوچ مسلم لاسی، کمینٹیٹرمامون رشید، آفیشل فوٹو گرافر پی ایف ایف اکبر شیخ، محمد علی، عابد رفیع، اصغر برفات، محمد شہزاد، جونیئر کوچ شہروز، محبوب خان و دیگر بھی موجود تھے۔ آرگنائزنگ سیکریٹری ریاض احمد کے مطابق افتتاحی روز چاروں کوارٹر فائنل کھیلے گئے۔

پہلے کوارٹر فائنل میں گیریثرن اکیڈمی ملیر کینٹ نے گلشن سوکر اکیڈمی کو مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے مقابلہ برابر کرکے ٹائی بریکر پر 3-1سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے عثمان، عطا الرحمن اور زین نے درست نشانے لگائے جبکہ ناکام سائیڈ کا واحد گول معین نے اسکور کیا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں ہوم گراؤنڈ کی سکسٹین اسٹار نے یکطرفہ مقابلے کے بعد حریف ینگ مالا فٹبال اکیڈمی کو 4-0سے مات دی۔ فاتح ٹیم کیجانب سے حذیفہ اور عثمان خان نے 2,2بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔تیسرے کوارٹر فائنل میں نارتھ ینگرز کو محمدی بلوچ فٹبال اکیڈمی عزیزآبادکیخلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی بریکر پر 4-2کی فیصلہ کن کامیابی حاصل ہوئی۔ مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گیند کا رخ جال کی جانب نہ موڑ سکی اور میچ کو پنالٹی ککس پر فیصلہ کن بنایا گیا۔ فاتح ٹیم کے ایان، زین، حذیفہ ایوب اور موساب نے گیند کو جال کی جانب روانہ کرنے میں کوئی غلطی نہ کی جبکہ ناکام سائیڈ کے پرویز اور رابک علی ہی گیند کو جال تک پہنچاسکے۔ چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں نارتھ مسلم اکیڈمی اور ایف سی القادر اکیڈمی کے مابین ایونٹ کا خوبصورت ترین میچ کھیلا گیا ۔

دونوں ٹیموں کے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں نے گراؤنڈ پر موجود ہر شخص کو بیحد متاثر کیا۔فاتح ٹیم کے شایان اس میچ کے ہیرو ثابت ہوئے جنہوں نے دونوں ہاف میں ایک ایک گول داغ کراپنی ٹیم کو فاتح کی حیثیت سے میدان سے باہر لائے۔ سیمی فائنل میں گیریثرن فٹبال اکیڈمی کا سامنا سکسٹین اسٹار اور نارتھ مسلم کے مقابل نارتھ ینگرز آئے گی۔ ریفری صابر بلوچ، سعد کاظمی اور نور عالم جبکہ میچ کمشنر سید خورشید علی شاہ اور ریفریز انسپیکٹر عبدالکریم تھے۔فائنل میں صدر ڈی ایف اے سینٹرل سید عثمان شاہ بحیثیت مہمان خاص فائنلسٹ ٹیموں میں ونر اور رنر ٹرافی کے علاوہ دیگر انعامات بھی تقسیم کریں گے۔

تعارف: newseditor