نیویارک:(سپورٹس لنک رپورٹ) سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن میں عالمی نمبر رافیل نڈال، اینڈی مرے، اسٹان لاس واورینکا، جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو اور کیون اینڈرسن فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے جبکہ عالمی نمبر ایک سیمونا ہیلپ پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئیں۔امریکا میں جاری میگا ایونٹ میں منگل کو کھیلے گئے مینز سنگلز پہلے راؤنڈ کے میچز میں شہرہ آفاق ہسپانوی اسٹار اور دفاعی چیمپیئن رافیل نڈال ہم وطن کھلاڑی ڈیوڈ فیرر کے ریٹائرڈ ہونے کی بدولت فاتح قرار پائے۔میچ کے پہلے سیٹ میں نڈال 3-6 سے کامیاب رہے تھے جبکہ دوسرے سیٹ میں فیرر کو 3-4 کی برتری حاصل تھی لیکن انجری کے باعث وہ میچ مکمل نہ کر سکے اور ان کے ریٹائرڈ ہونے کے سبب نڈال دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔اسٹار برطانوی کھلاڑی اور سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے بھی پہلی آزمائش میں سرخرو رہے اور انہوں نے آسٹریلین کھلاڑی ڈکورتھ کو شکست فاش سے دوچار کیا۔سوئس اسٹار اسٹان لیس واورنکا نے گریگور دمتروف کو زیر کر کے دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی جبکہ ارجنٹائن کے ڈیل پوٹرو نے حریف امریکی کھلاڑی ڈونلڈ ینگ کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔جنوبی افریقن کھلاڑی کیون اینڈرسن نے امریکا کے ریان ہریسن کو سخت مقابلے کے بعد 6-7، 7-5، 6-4، 3-6 اور 4-6 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ ڈومنک تھیم بھی پہلی آزمائش میں کامیاب رہے۔دوسری جانب ویمنز سنگلز کے پہلے راؤنڈ کے میچز میں ہی بڑا اپ سیٹ دیکھنے کو ملا اور عالمی نمبر ایک سیمونا ہیلپ کو استونیا کی کایا کنیپی نے ایونٹ سے باہر کردیا اور اسٹریٹ سیٹ میں شکست کی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔دفاعی چیمپیئن امریکی اسٹار سیلونی اسٹیفنز نے روسی حریف روڈینا کو 1-6 اور 5-7 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی جبکہ شہرہ آفاق امریکی اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز بھی پہلی رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہیں۔سرینا کی بہن وینس ولیمز بھی پہلی آزمائش میں سرخرو رہیں اور انہوں نے سویٹلانا کزنٹوسووا کو شکست دی جبکہ بیلاروس کی وکٹوریہ آزارینکا نے کزمووا کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔