پنجاب انڈر15بوائز فٹبال ٹورنامنٹ کل سے شروع ہوگا


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام، پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے31اگست کو پنجاب انڈر 15 بوائز فٹ بال کپ پنجاب سٹیدیم میں شروع ہورہا ہے، جس کی افتتاحی تقریب شام 7بجے ہوگی،تحصیل سطح سے نئے کھلاڑی تلاش کرکے ٹیمیں خالصتاً میرٹ پر بنائی گئی ہیں، فٹ بال کپ سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پنجاب انڈر 15 بوائز فٹ بال کپ کے انعقاد کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی و دیگر افسران بھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا ہے کہ پنجاب انڈر 15 بوائز فٹ بال کپ کے لئے پنجاب سٹیڈیم کا گرائونڈ اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو کھیلنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے، فٹ بال کپ میں پنجاب سے 9 ڈویژنز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ہم پراُمید ہیں کہ اس ایونٹ سے اچھے کھلاڑی نکلیں گے جو کہ پنجاب اورقومی سطح پر نمائندگی کریں گے

انہوں نے کہا کہ فٹ بال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے، ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ ہونے کے باوجود ہم بین الاقوامی سطح پراپنا نام نہیں بنا سکے، اس طرح کے ایونٹس سے امید کرتے ہیں کہ نوجوان فٹ بالر سامنے آئیں گے، ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کہا کہ فیفا قوانین کے تحت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے، ہر ضلع میں ایک کمیٹی بنائی گئی جس کے کنوینئر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تھے، سفارشی کلچر کو ختم کردیا گیا ہے۔سپورٹس ایسوسی ایشنز کے تعاون کے بغیر سپورٹس کو ترقی نہیں دی جاسکتی۔پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر کا کہنا تھا کہ پنجاب انڈر 15 بوائز فٹ بال کپ کا انعقاد سپورٹس بورڈ پنجاب کا مستحسن اقدام ہے، فٹ بال کپ کے تمام اخراجات سپورٹس بورڈ پنجاب کررہا ہے جس پر ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کے مشکور ہیں، ہر ضلع میں کھلاڑیوں کے ٹرائل ہوئے ہمیں خوشی ہے کہ فٹ بال کھیلنے والے بہت زیادہ ہیں اور ہر ضلع سے 200 سے زائد نوجوانوں نے ٹرائلز دیئے، کھلاڑیوں کیلئے عمر کی حد کے معاملے میں سختی کی گئی ہے اور ہر کھلاڑی کا ب فارم اور تصاویر بھی لی ہیں، ان کھلاڑیوں سے ہمیں بہت سی امید یں وابستہ ہیں۔فٹ بال کپ کے لئے تین گروپ بنائے گئے ہیں ،گروپ اے میں لاہور، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، گروپ بی میں ملتان، سرگودھا، فیصل آباد اور گروپ سی میں ساہیوال، بہاولپور اور گوجرانوالہ ڈویژنز کی ٹیمیں شامل ہوں گی، افتتاحی میچ لاہور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے مابین ہوگا۔

تعارف: newseditor