پہلی عالمی قراقرم میراتھن پی اے ایف نلتر میں اختتام پذیر


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی تاریخ کے ایک ناقابل فراموش دن پوری دنیا سے 150سے زائد اتھلیٹس نے نلتر (گلگت)کی خوبصورت وادی میں منعقدہ میراتھن میں حصہ لیا۔ پاک فضائیہ نے بین الاقوامی میراتھن ٹریول کمپنی، زیڈ ایڈوانچر اور سیرینا ہوٹلز کے باہمی اشتراک سے یہ مقابلے منعقد کروائے۔۔ سطح سمندر سے11300فٹ کی انتہائی اونچائی پراپنی نوعیت کی یہ منفردمیراتھن نوجوانوں اور بوڑھوں، ملکی اور غیر ملکی، مردوخواتین اتھلیٹس کا حسین امتزاج تھی جنہوں نے نلترکے گرد موجود دنیا کے آٹھویں عجوبے قراقرم ہائی وے پر اس دوڑ میں حصہ لیا۔ 24 ممالک کے 35 عالمی اتھلیٹس نے 42 کلومیٹر پر محیط ریس میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ امیچور کٹیگری میں21 کلومیٹر پر مشتمل ایک ہاف میراتھن کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ ائیر وائس مارشل سرفراز خان ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈاس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ 42KM کی ریس میں گیزر گلگت کے اسلم خان پہلی جبکہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل مقامی نوجوان اسحاق خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔گلگت کے ہی عبیدالرحمان تیسری پوزیشن کے حامل رہے۔ خواتین کی کٹیگری میں غیر ملکی اتھلیٹس چھائی رہیں اور تینوں پوزیشنز اپنے نام کیں۔برطانیہ کی کیرولین ڈریو نے پہلی، کینیڈین ہیتھرلی نے دوسری جبکہ ہنگری کی ایڈٹ کس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 21KM کی دوڑ میں شاہد علی، عدنان خان اور نذر شاہ نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی کیٹگری کے خواتین کے مقابلوں میں نادیہ رحیم پہلی جبکہ کوکب سرور دوسری اور ثوبیہ علی تیسری پوزیشن کی حامل قرار پائیں۔

تعارف: newseditor